ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلینڈ کیلئے پہلی وکٹ حاصل کرنے والے باؤلر چل بسے
انگلینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر کین شٹل ورتھ 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، انہوں نے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی وکٹ حاصل کی تھی۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق کین شٹل ورتھ نے 1970 اور 1971 کے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا جہاں برسبین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وہ ایشیز جیتنے والی کامیاب ٹیم کا حصہ تھے۔
مجموعی طور پر انہوں نے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 ٹیسٹ میچز کھیلے اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جب کہ آسٹریلیا کے خلاف میلبرن میں واحد ایک روزہ میچ میں انہیں انگلینڈ کے لیے پہلی وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
سینٹ ہیلنز میں پیدا ہونے والے شٹل ورتھ نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں لنکا شائر اور لیسٹر شائر کی نمائندگی کی، انہوں نے 1964 میں لنکا شائر کو جوائن کیا تھا۔
انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اولڈ ٹریفورڈ کو اپنی پہلی فرسٹ کلاس وکٹ بنایا اور مجموعی طور پر لنکا شائر کے لیے 484 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اپنے کیریئر کے آخری سالوں میں لیسٹر شائر کے لیے مزید 99 وکٹیں لیں۔
کین شٹل ورتھ کی بہترین باؤلنگ کی بات کی جائے تو 1968 میں انہوں نے لیٹن میں ایسیکس کے خلاف 41 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں اور اس سیزن میں انہوں نے مجموعی طور پر 73 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کیں جب کہ 2 سال بعد انہوں نے اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے 74 وکٹیں لیں۔
1975 میں لیسٹر شائر منتقل ہونے کے بعد انہوں نے اپنے کیریئر کا اختتام اسٹافورڈ شائر کی لیگ کرکٹ میں کیا، چند سال کاروبار کرنے کے بعد وہ بطور فرسٹ کلاس امپائر کرکٹ میں واپس آئے، جب کہ 2021 میں انہیں لنکا شائر کے ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔
وہ 68-1967 میں رچی بینو کی قیادت میں کامن ویلتھ ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر چکے تھے اور جون 1970 میں لارڈز پر انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ’ریسٹ آف دی ورلڈ‘ کے خلاف بھی کھیلے۔
2021 میں دی سینٹ ہیلنز اسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں اتنی ہی تیز باؤلنگ کر رہا تھا جتنی آپ آج کے فاسٹ باؤلرز کو دیکھتے ہیں۔












لائیو ٹی وی