بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا، جس سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
ڈان نیوز کے مطابق نارووال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ بھارت پانی جمع کرکے پاکستان بھیج رہا ہے تاکہ ہمارا زیادہ سے زیادہ نقصان ہو۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کیا، سندھ طاس معاہدے کے تحت اگر بھارت، پاکستان کے ساتھ ورکنگ انفارمیشن شیئر کرتا تو ہمارا نقصان آدھا ہوتا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ بھارتی سرحد سے لے کر یہاں تک پورا علاقہ نالے کا منظر پیش کر رہا ہے، دریا سے باہر بھی 6 سے 10 فٹ تک پانی جمع ہو چکا ہے، تاہم سیلابی صورتحال کے باوجود بڑے پیمانے پر کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب سے ملک بھر میں مالی نقصانات ہوئے، جس میں رابطہ پل بہہ گئے، سڑکیں ٹوٹ گئیں اور دیگر نقصانات ہوئے، سیلاب کے بعد بحالی کے عمل کو شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ آفت ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں، آنے والے سالوں میں اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔













لائیو ٹی وی