آج رات لاہور میں شاہدرہ سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب

شائع August 27, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نےکہا ہے کہ صوبے میں اچانک سیلاب آیا، جس سے پانی کو ڈرین ہونے کی بھی جگہ نہیں ملی، اس وقت بیشتر نشیبی علاقے زیر آب ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ہماری ذمہ داری میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے، آج رات لاہور میں شاہدرہ اور دیگر علاقوں میں سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمشنر لاہور کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب کی آمد سے قبل اپنے انتظامات کو مکمل کر لیں اور ممکنہ طور پر زیر آب آنے والے علاقوں سے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں نقل مکانی کر کے ریلیف کیمپوں میں پناہ لینے والے خاندانوں کو دوائیں،کھانا، ٹینٹ اور دیگر سہولیات بروقت فراہم کی جائیں، جبکہ موسمی بیماریوں کا شکار ہونے والے لوگوں کو بھی فوری طور پر طبی امداد دی جائے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام اضلاع میں ارلی وارننگ سسٹم کو بہتر بنائیں، سیلاب دیکھنے کے جانے والے لوگوں کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں، اور ایسے افراد کو پانی کے قریب جانے سے روکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے گھروں، لائیو اسٹاک، فصلوں اور پراپرٹی کو جو بھی نقصان پہنچا ہے، اس کے ازالے کے لیے جلد از جلد ڈیٹا جمع کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ شدید سیلاب سے رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے، کئی جگہوں پر پل بھی پانی میں بہہ گئے ہیں، سیلابی صورتحال بہتر ہوتے ہی بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025