• KHI: Partly Cloudy 20°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 20°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.2°C

یہودی نسخے کی نمائش کی آمدنی غزہ کے لیے وقف، بوسنیا کے میوزیم کا اظہار یکجہتی

شائع August 28, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بوسنیا کے قومی میوزیم نے یہودی نسخے کی نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی غزہ کے عوام کے لیے وقف کر کے اظہارِ یکجہتی کردیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بوسنیا کے قومی میوزیم نے اعلان کیا ہے کہ ایک تاریخی یہودی نسخے ’سرائیوو ہاگادا‘ کی نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی غزہ کے عوام کو دی جائے گی، یہ نسخہ دنیا کے قیمتی مذہبی مسودات میں شمار ہوتا ہے اور درمیانی دور سے تعلق رکھتا ہے۔

میوزیم کے ڈائریکٹر مرساد سیاریچ نے کہا کہ یہ فیصلہ فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے کیا گیا ہے جو اسرائیل کے ہاتھوں ظلم و جبر کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک طرف کا انتخاب ضرور کیا ہے کیونکہ غیر جانبدار رہنا بھی ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔

میوزیم کے اس فیصلے پر دنیا بھر کے یہودی اداروں نے سخت تنقید کی ہے، نیویارک کی اینٹی ڈیفیمیشن لیگ نے اسے ایک مذہبی ورثے کی سیاست میں مداخلت قرار دیا۔

تاہم، میوزیم ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں دنیا بھر کے کئی یہودی افراد سے حمایت کے پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں۔

سرائیوو ہاگادا نایاب نسخہ سن 1350 میں اسپین کے شہر بارسلونا کے قریب لکھا گیا تھا، 1492 میں جب یہودیوں کو اسپین سے نکالا گیا تو یہ کتاب سرائیوو لائی گئی۔

یہ نسخہ نازی دور کے قبضے اور بوسنیا کی 1990 کی دہائی کی جنگ کے دوران بھی محفوظ رہا، اس کی تصاویر اور کہانیاں کائنات کی تخلیق اور بنی اسرائیل کے مصر سے خروج کی داستان بیان کرتی ہیں۔

بوسنیا کی یہودی کمیونٹی کے صدر جیکب فنسی نے اس فیصلے کو غیر معمولی اور توہین آمیز قرار دیا اور کہا کہ اس سے سرائیوو اور اس کتاب کی کثیرالثقافتی پہچان کو نقصان پہنچے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے اس فیصلے کے خلاف تو کئی آوازیں سنیں لیکن کسی نے تعریف نہیں کی۔

میوزیم میں آنے والے کچھ غیر ملکی سیاحوں نے اس فیصلے کو فلسطینی عوام کی حمایت کے طور پر سراہا، جب کہ کچھ نے کہا کہ دنیا میں دیگر جگہوں پر بھی لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔

غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں اسرائیل کے مطابق 1,163 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 62 ہزار 895 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025