رجب طیب اردوان کا شہباز شریف کو ٹیلی فون، سیلاب میں نقصانات پر اظہارِ افسوس اور مدد کی پیشکش

شائع August 28, 2025
— فائل فوٹو: حکومت پاکستان، فیس بک
— فائل فوٹو: حکومت پاکستان، فیس بک

وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے، پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلاب پر گہرے افسوس کا اظہار اور ہر قسم کی مدد کی پیشکش کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترک صدر نے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہونے والے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنے ملک کی یکجہتی کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ترکیہ امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔

مشکل وقت میں ترک صدر کےجذبات کے ساتھ ساتھ مدد کی فراخدلانہ پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ ٹیلی فون کال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے، دونوں فریق ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے رواں برس کے آغاز میں ہونے والی اپنی بات چیت اور چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران اپنی آئندہ ہونے والی ملاقات پر بھی گفتگو کی۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025