ملک بھر میں فائبر بچھانے اور آئی ٹی انفرااسٹرکچر کی تنصیب پر’رائٹ آف وے چارجز‘ ختم کرنے کا فیصلہ
ملک میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی ترقی میں بڑی رکاوٹ دور ہو گئی، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر فائبر بچھانے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی) انفرااسٹرکچر کی تنصیب پر رائٹ آف وے چارجز ختم کردیے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت نے بڑا اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی ترقی میں بڑی رکاوٹ دور کردی، وزیراعظم کی ہدایات پر وزارت ریلویز اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے رائٹ آف وے چارجز ختم کر دیے گئے۔
خیال رہے کہ رائٹ آف وے فیس یا رقم کو کہا جاتا ہے جو کسی سرکاری یا نجی زمین کے استعمال کے عوض وصول کی جاتی ہے تاکہ اس پر کوئی تار، کیبل، پائپ لائن، فائبر آپٹک، بجلی کے کھمبے، گیس لائن، یا کوئی اور انفرااسٹرکچر بچھایا یا نصب کیا جا سکے۔
فیصلے کے تحت رائٹ آف وے چارجز کی عدم وصولی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، وزارت آئی ٹی کے مطابق وزیراعظم کے 14 جولائی 2025 کے احکامات پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔
اہم فیصلے سے فائبرائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تیزی آئے گی، وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے اس حوالے سے کہا کہ چارجز ختم ہونا ڈیجیٹل پاکستان کی جانب اہم قدم ہے، وزیر مواصلات عبد العلیم خان اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کا اس معاملے میں تعاون پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔












لائیو ٹی وی