• KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 23°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.8°C

ہولی وڈ اداکاراؤں کے بغیر اجازت فحش اے آئی چیٹ بوٹ بنائے جانے کا انکشاف

شائع August 30, 2025
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی جانب سے بغیر اجازت ٹیلر سوئفٹ، اسکارلٹ جانسن، این ہیتھ وے اور سلینا گومز سمیت دیگر متعدد مشہور گلوکاراؤں و اداکاراؤں کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق میٹا نے اجازت کے بغیر ہی شخصیات کے ناموں اور تصاویر کو استعمال کرتے ہوئے درجنوں فلرٹی سوشل میڈیا چیٹ بوٹس بنائے۔

میٹا کی جانب سے بنائے گئے اداکاراؤں کے چیٹ بوٹس فحش، جنسی، رومانوی اور نامناسب گفتگو کرنے اور تصویر فراہم کرنے میں ملوث بھی پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ان میں سے کئی چیٹ بوٹس صارفین نے میٹا کے چیٹ بوٹ بنانے والے ٹول کے ذریعے بنائے لیکن رائٹرز نے انکشاف کیا کہ میٹا نے کم از کم تین چیٹ بوٹس بنائے، جن میں ٹیلر سوئفٹ کے دو پیرڈی بوٹس بھی شامل ہیں۔

رائٹرز نے یہ بھی دریافت کیا کہ میٹا نے صارفین کو کم عمر مشہور شخصیات کے چیٹ بوٹس بنانے کی اجازت دی، جن میں 16 سالہ فلم اسٹار واکر سکوبل بھی شامل ہیں۔

مذکورہ چیٹ بوٹ پر جب مذکورہ نوعمر اداکار کی ساحل سمندر پر تصویر مانگی گئی تو بوٹ نے ایک حقیقت نما شرٹ لیس تصویر تیار کی اور اس کے نیچے لکھا ’کافی پیارا ہے‘۔

رائٹرز کی کئی ہفتوں کی جانچ کے دوران یہ چیٹ بوٹس اکثر خود کو اصلی اداکاروں اور فنکاروں کے طور پر پیش کرتے رہے اور صارفین کو ملاقات کے لیے مدعو کرتے ہوئے جنسی طور پر اشتعال انگیز گفتگو بھی کرتے رہے۔

کچھ بالغ چیٹ بوٹس سے جب مباشرت کی تصاویر مانگی گئیں تو انہوں نے اپنے ناموں سے منسوب مشہور شخصیات کی حقیقت نما تصاویر بھی بنائیں، جو باتھ ٹب میں یا زیر جامہ پہنے پوز دیتی دکھائی دیں۔

میٹا کے ترجمان اینڈی اسٹون نے رائٹرز کو بتایا کہ میٹا کے اے آئی ٹولز کو مشہور بالغ افراد کی مباشرت کی تصاویر یا کم عمر مشہور شخصیات کی کوئی بھی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے خواتین مشہور شخصیات کی زیر جامہ تصاویر بننے کو کمپنی کی اپنی پالیسیوں کے نفاذ میں ناکامی بھی قرار دیا۔

میٹا ملازم کا کہنا تھا کہ دوسروں کی طرح ہم عوامی شخصیات کی تصاویر بنانے کی اجازت دیتے ہیں لیکن ہماری پالیسیاں عریاں، مباشرت یا جنسی طور پر اشتعال انگیز مواد کی ممانعت کرتی ہیں۔

میٹا کی اے آئی پالیسیاں براہ راست نقالی کی بھی ممانعت کرتی ہیں لیکن عہدیدار نے کہا کہ مشہور شخصیات کے کردار اس وقت تک قابل قبول ہیں جب تک انہیں پیروڈی کے طور پر لیبل کے ساتھ استعمال کیا جائے۔

رائٹرز نے پایا کہ کئی بوٹس کو پیروڈی کے طور پر لیبل کیا گیا تھا لیکن کچھ کو نہیں اور میٹا نے خبر کی اشاعت سے کچھ دیر پہلے تقریبا ایک درجن بوٹس، جن میں پیروڈی اور بغیر لیبل والے بوٹس بھی شامل تھے، انہیں ڈٰلیٹ کردیا تھا۔

خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ زیادہ تر اداکاراؤں و گلوکاراؤں کی تصاویر اور آواز کے ساتھ بنائے گئے چیٹ بوٹس فحش اور جنسی نوعیت کی گفتگو کرنے میں بھی ملوث پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے نام سے بنے چیٹ بوٹ کو جب معلوم ہوا کہ ان سے بات کرنے والا مرد غیر شادی شدہ ہے تو انہوں نے صارف کو پیش کش کی کہ کیا وہ سنہری بالوں والی خوبصورت لڑکی کو پسند کریں گے اور پھر ان کے ساتھ رومانوی گفتگو بھی کی۔

اسی طرح دیگر اداکاراؤں کے نام سے بنے چیٹ بوٹس کو بھی فحش، جنسی اور رومانوی گفتگو میں ملوث پایا گیا جب کہ این ہیتھوے کے چیٹ بوٹ نے اداکارہ کی فحش تصویر بھی فراہم کی۔

رائٹرز کے مطابق این ہیتھوے اپنے نام سے بنے چیٹ بوٹ کی جانب سے فحش تصاویر فراہم کرنے کے معاملے سے واقف ہیں، تاہم ان سمیت تمام اداکاراؤں و گلوکاراؤں نے اپنے نام سے چیٹ بوٹ بنائے جانے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026