• KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C

پاکستان اور چین کا ’آہنی دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری‘ کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

شائع September 2, 2025
—فوٹو: پی آئی ڈی
—فوٹو: پی آئی ڈی
—فوٹو: پی آئی ڈی
—فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستان اور چین نے منگل کے روز اپنی ’آہنی دوستی اور ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری‘ کو مزید تعاون کے ذریعے مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جو ان کے منفرد دو طرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان اور چین دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کے حامل ہیں، جن کے روابط تجارت، توانائی، دفاع اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان گریٹ ہال آف دا پیپل میں ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، یہ ملاقات 31 اگست سے یکم ستمبر تک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک-چین تعلقات منفرد اور بے مثال ہیں، جنہیں دوطرفہ تعاون میں اضافے کے ذریعے مزید اجاگر ہونا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات کی، اور اس حوالے سے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا، وزیرِاعظم شہباز شریف نے سی پیک کے اپ گریڈ شدہ دوسرے مرحلے کے کامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ قریبی کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا، جس میں 5 نئے کوریڈورز شامل ہیں۔

انہوں نے صدر شی جن پنگ کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور دوسری جنگِ عظیم میں فتح کی 80ویں سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے صدر شی جن پنگ کو ان کی بصیرت افروز اور انقلابی قیادت پر خراجِ تحسین پیش کیا، جس نے چین کو جدیدیت اور ترقی کی طرف گامزن کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بیجنگ کی کامیابیوں پر فخر ہے اور وہ اس عظیم سفر میں ہمیشہ چین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور سی پیک کی اہمیت پر زور دیا، جو صدر شی کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، تاکہ دونوں ممالک مزید مضبوط پاک-چین کمیونٹی تشکیل دے سکیں جس کا مستقبل مشترکہ ہو۔

وزیرِاعظم نے صدر شی کے کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اس حوالے سے چین کے تاریخی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے، جن میں گلوبل گورننس انیشی ایٹو، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو شامل ہیں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ صدر شی کے یہ اقدامات اجتماعی عالمی بھلائی کے ضامن ہیں اور خطے کے ساتھ ساتھ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔

صدر شی نے کہا کہ چین پاکستان کو تمام شعبوں میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے مدد فراہم کرتا رہے گا، خاص طور پر اب جب کہ دونوں ممالک سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، یہ مرحلہ پاکستان کے اہم ترین معاشی شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر شی کو آئندہ سال پاکستان کے سرکاری دورے کی دوبارہ دعوت دی، 2026 میں دونوں ممالک پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف آج صدر پیوٹن سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025