بنوں: ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملہ، آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک، 6 سیکیورٹی اہلکار شہید

شائع September 2, 2025
— فائل فوٹو / اے ایف پی
— فائل فوٹو / اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید اور جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشن ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 2 ستمبر کی علی الصبح بزدلانہ دہشت گرد حملے میں بھارتی پراکسی فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج نے بنوں ضلع میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔

بھارت کے حمایت یافتہ خوارج نے ہیڈکوارٹر کی بیرونی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم جوانوں کے چوکس اور پرعزم ردعمل نے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، مایوسی کے عالم میں خوارج نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو حفاظتی دیوار سے ٹکرا دیا۔

خودکش دھماکے کے نتیجے میں بیرونی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا اور قریبی شہری ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جس سے تین بے گناہ شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں نے ثابت قدمی، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کو نشانہ بنایا اور بھارتی پراکسی فتنہ خوارج سے تعلق رکھنے والے تمام پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ تاہم اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے 6 بہادر جوان مادرِ وطن پر قربان ہو کر شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ و گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز پوری قوم کے ہم قدم ہو کر بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں اور ہمارے بہادر شہدا اور معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں اس امر کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کی جائے گی۔

لکی مروت میں 2 پولیس اہلکار فائرنگ سے شہید

ادھر، لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود مچن خیل اڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

گزشتہ چند ماہ میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول بنوں، پشاور، کرک، لکی مروت اور باجوڑ میں پولیس پر دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر جولائی میں بنوں میں پولیس کو متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ ماہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بنوں کے حوید اور وزیرآباد کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 14 دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو گرفتار کر کے ان کے ٹھکانے تباہ کیے تھے۔

3 اگست کو بھی بنوں میں ایک چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں پولیس کانسٹیبل شہید اور تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔

جولائی میں میر یان پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے ڈرون کے ذریعے حملہ کیا تھا جو ایک ماہ میں پانچویں بار اس تنصیب کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025