کراچی پولیس کا اسکولوں اور مدرسوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے حوالے سے انتظامیہ کو انتباہ جاری
کراچی پولیس کا اسکولوں اور مدرسوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے حوالے سے انتظامیہ کو انتباہ جاری کر دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اظفر مہیسر نےکراچی کے اسکولوں اور مدرسوں کی انتظامیہ کو کہا ہے کہ وہ بچوں کو والدین یا پِک اینڈ ڈراپ گاڑی والے کے علاوہ کسی تیسرے شخص کے حوالے نہ کریں۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ انتظامیہ چھوٹے بچوں کو تنہا نہ چھوڑیں، انہوں نے والدین سے بھی درخواست کی وہ بچوں کو اسکولوں اورمدرسوں کے لیے اکیلے نہ بھیجیں۔
واضح رہے کہ کراچی کی عدالت نے بدھ (3 ستمبر) کو اسکول وین میں 7 سالہ بچی کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم (ڈرائیور) کو 14 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی کی عدالت میں وین ڈرائیور کی جانب سے کمسن بچی کو ہراساں کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم اویس خان کو 14 برس قید کی سزا سناتے ہوئے 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 3 سال قید بھگتنا ہوگی۔
پراسیکیوٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم نارتھ ناظم آباد میں واقع اسکول سےگھر بچی کو پک اینڈ ڈراپ سروس فراہم کرتا تھا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق بچی نے اپنے والدین کو بتایا کہ ڈرائیور اس کے ساتھ غیراخلاقی حرکات کرتا ہے، والدین کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ وکیل صفائی نے نکتہ اٹھایا کہ مقدمے میں وقت اور جگہ نہیں بتائی گئی، بچی 7 سال کی ہے، اس کے لیے یہ یاد رکھنا بہت مشکل ہے۔
ملزم اویس خان کے خلاف تھانہ تیموریہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔












لائیو ٹی وی