وزیراعظم کا وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ، کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشتگردوں کا جلد سراغ لگا کر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی جلسے پر حملہ بلوچستان میں انتشار پھیلانے کی گھناؤنی سازش ہے، دہشتگرد بلوچستان کے امن اور ترقی کے دشمن ہیں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، معصوم و نہتے شہریوں پر دہشتگرد حملے بزدلانہ اور قابل مذمت ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے شاہوانی اسٹیڈیم کے باہر بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی ریلی میں دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو گئے تھے۔
سول ہسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ نے بتایا تھا کہ زخمیوں کے تفصیلی معائنے کے بعد شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، دوسری جانب دھماکے کے خلاف اختر مینگل کے آبائی علاقے وڈھ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔













لائیو ٹی وی