کراچی: ملازم کی مبینہ ‘خودکشی’ پر اسکول انتظامیہ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج
کراچی کے ایک نجی اسکول کی انتظامیہ کے خلاف نوجوان ملازم کی مبینہ خودکشی کے بعد قتلِ خطا کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بریگیڈ تھانے کراچی میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق، 25 سالہ ملازم نے یکم ستمبر کو اسکول کی عمارت کی8ویں منزل سے مبینہ طور پر چھلانگ لگا دی تھی۔
مقتول کے بھائی اور مدعی مقدمہ نے بتایا کہ یکم ستمبر کو میرا بھائی صبح تقریبا 8 بج کر 15 منٹ پر گھر سے کام کے لیے نکلا، تقریبا 9 بج کر 35 منٹ پر مجھے ایک فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ میرے بھائی کی طبیعت خراب ہو گئی ہے اور اُسے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) لے جایا جا رہا ہے۔
مدعی نے کہا کہ جب وہ جے پی ایم سی پہنچے تو اسکول کی انتظامیہ کا عملہ بھی وہاں موجود تھا اور انہوں نے بتایا کہ اُن کا بھائی صبح تقریبا 8 بج کر 45 منٹ پر عمارت کی 8ویں منزل سے نیچے گرا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ ایمرجنسی وارڈ پہنچے تو اُن کا بھائی انتقال کر چکا تھا۔
مدعی مقدمہ نے مزید کہ بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ میرے بھائی نے انتقال سے قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اسے ذہنی طور پر اذیت دینے والے 3 افراد کے نام لیے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اُن کے بھائی نے ذہنی دباؤ کی وجہ سے اپنی جان لی اور وہ سوشل میڈیا پوسٹ میں نامزد 3 افراد کے خلاف قانونی کارروائی چاہتے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 34 (مشترکہ نیت سے کیا گیا فعل) اور 322 (قتلِ خطا کی سزا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔












لائیو ٹی وی