25 سال کی عمر گزرنے کے بعد شادی میں جلدی نہیں کرنی چاہیے، شعیب ملک
پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے نوجوانوں کو شادی سے متعلق مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 25 سال کی عمر گزرنے کے بعد شادی میں جلدی نہیں کرنی چاہیے۔
شعیب ملک نے حال ہی میں جیو نیوز کے مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی۔
کرکٹر نے بتایا کہ تقریباً 14 سال کی عمر میں ان کا تعارف سابق کپتان عمران خان سے ایک کیمپ کے دوران کروایا گیا تھا، عمران خان اور وہاں موجود کوچز نے ان کی کرکٹ دیکھی جو انہیں پسند آئی، جس کے بعد ان کا نام ٹیم میں انتخاب کے لیے آگے بھیج دیا گیا۔
انہوں نے ایک اور واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں پریکٹس کے دوران، چونکہ وہ جونیئر تھے اس لیے زیادہ تر ان سے باؤلنگ ہی کروائی جاتی تھی، اسی دوران سابق کرکٹر جاوید میانداد نے انہیں بلایا اور کہا کہ تم ہر وقت باؤلنگ ہی کرتے رہتے ہو، تم بیٹس مین ہو، اب سے میں تمہیں زیادہ وقت دے کر بیٹنگ سکھاؤں گا، اس طرح انہوں نے باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ بھی سیکھی۔
22 سالہ طویل کرکٹ کیریئر پر بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ کوئی بھی ایتھلیٹ صرف دوستی یا جان پہچان کی بنیاد پر اتنا بڑا کیریئر بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل لیگز میں بھی کھیلتے ہیں اور اگر وہ اتنے سال کرکٹ کھیلنے میں کامیاب ہوئے ہیں تو اس کی وجہ ان کی صلاحیت اور فٹنس ہے، کیونکہ کھلاڑی جب فٹ ہو تو ہی بہترین کارکردگی دکھا سکتا ہے۔
شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اگر کوئی لڑکا 25 سال سے پہلے شادی کر لیتا ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے، اسلام بھی کم عمری میں شادی کرنے کی ترغیب دیتا ہے، لیکن اگر 25 سال کی عمر گزر گئی ہے تو پھر شادی میں جلدی نہ کریں، صبر کریں اور خود کو بہتر بنائیں۔
کرکٹر کے مطابق اگر شادی 25 سال تک نہیں ہوئی تو پھر 30 سال کے بعد ہی کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ شعیب ملک کی پہلی شادی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے ہوئی تھی، جن سے ان کے ہاں ایک بیٹا اذہان مرزا ملک پیدا ہوا، تاہم بعد میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی اور پھر انہوں نے 2024 میں اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔












لائیو ٹی وی