ایشیا کپ 2025: سابق پاکستانی کرکٹرز نے قومی ٹیم سے بھارت کیخلاف جیت کی اُمیدیں لگا لیں

شائع September 7, 2025 اپ ڈیٹ September 8, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

سابق پاکستانی کرکٹرز نے ایشیا کپ 2025 میں بھارت کے خلاف قومی ٹیم سے جیت کی اُمیدیں لگا لی ہیں۔

کراچی میں منعقدہ ایک نجی تقریب کے دوران سابق قومی کرکٹرز نے کہا پاکستان ٹیم ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم بڑے میچ میں قومی کرکٹرز کو اپنے حواس پر قابو رکھنا ہوگا۔

سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ بھارت جیسی ٹیم کے خلاف بھرپور محنت کرنا ہوگی، امید ہے پاکستان ٹیم ایشیا کپ 2025 میں اچھا پرفارم کرے گی۔

پاکستان سے بابر اعظم اور محمد رضوان جب کہ بھارت سے ویرات کوہلی اور روہت شرما کی اس ایونٹ میں نہ ہونے کے سوال کے جواب میں یونس خان نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو ایک نہ ایک دن اس کھیل کو چھوڑ کر جانا ہوتا ہے، نیشنل ٹیموں میں کوئی بھی کھلاڑی مستقل طور پر نہیں ہوتا۔

نوجوان کھلاڑی اگر آج بھارت کیخلاف میچ ون کروائیں گے تو فینز پھر انہی کا نام لیں گے۔

سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نےکہا کہ ٹرائی نیشن سیریز کی پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم کو ایشیا کپ میں بھرپور محنت کرنا ہو گی، میگا ایونٹ میں بظاہر بھارتی ٹیم مضبوط نظر آرہی ہے تاہم پاکستانی کھلاڑیوں میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ بھارت کو ایشیا کپ میں شکست دیں سکے۔

سابق وکٹ کیپر بیٹر کے مطابق روایتی حریف کو شکست دینے کے لیے پاکستان کو اُن سے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس موقع سابق فاسٹ باؤلر عمر گل نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، بھارت کی ٹیم مضبوط نظر آرہی ہے تاہم ٹی 20 کرکٹ میں ایک اچھی بیٹنگ یا باؤلنگ اسپیل سے بھی آپ میچ جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی باؤلرز ڈیتھ اوورز کی خامیوں پر اگر قابو پالیں بھارت کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ بھی جیت سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025