اسلام آباد میں ڈیجیٹل محافل میلاد کا رجحان زور پکڑنے لگا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں میلاد النبیﷺ کی محافل سجانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال بڑھتا جارہا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے پوش سیکٹرز سے لے کر نواحی بستیوں تک شہری آن لائن محافل میلاد کا اہتمام کر رہے ہیں، نعت خوانی کی محافل براہِ راست نشر ہو رہی ہیں اور سیرت النبی ﷺ پر کانفرنسز ڈیجیٹل انداز میں منعقد کی جا رہی ہیں۔
زوم، فیس بک لائیو، یوٹیوب اور واٹس ایپ جیسے نمایاں پلیٹ فارمز ان روحانی اجتماعات کے انعقاد اور شمولیت کے بڑے ذرائع بن چکے ہیں۔
یونیورسٹی کے طلبہ بھی سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں، وہ آن لائن نعتیہ مقابلے، سیرت کوئز اور علما کے ساتھ لائیو سوال و جواب کے سیشن منعقد کر رہے ہیں، اس طرح مذہبی اظہار کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ابلاغ کی طالبہ انعم کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا نے مذہبی مواد کو خاص طور پر نوجوانوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی بنایا ہے ۔
اسلام آباد کی کئی مساجد بھی اس رجحان کے مطابق ڈھل رہی ہیں، کچھ مساجد نے روزانہ سیرت النبی ﷺ پر لائیو سیشنز شروع کر دیے ہیں جبکہ بعض نے ربیع الاول کے دوران رفاہی سرگرمیوں کی فنڈنگ کے لیے آن لائن چندہ جمع کرنے کے چینلز قائم کر دیے ہیں۔
نامور علما یوٹیوب اور فیس بک پر خصوصی لیکچرز دے رہے ہیں، جنہیں ہزاروں ناظرین براہِ راست دیکھ رہے ہیں۔
سیکٹر جی-10 کی رہائشی قاریہ سدرہ ساجد کہتی ہیں کہ ڈیجیٹل میلاد متبادل نہیں بلکہ عقیدت کا ایک تسلسل ہے، ان کے مطابق ’یہ لوگوں کو مختلف شہروں بلکہ مختلف ملکوں سے ایک ساتھ آنے اور اس بابرکت مہینے کو منانے کا موقع فراہم کرتا ہے‘۔
مشترکہ آن لائن اجتماعات کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے، جہاں مختلف شہروں اور ملکوں کے خاندان اجتماعی تلاوت اور دعاؤں میں بیک وقت شریک ہوتے ہیں۔
ایف-8 کی رہائشی شیریں نے بتایا کہ ان کا بیٹا برطانیہ میں زیرِ تعلیم ہے اور یہ دوسرا سال ہے جب انہوں نے اپنے بیٹے کو ویڈیو کال کے ذریعے گھر کی محفل میلاد میں شامل کیا۔
اگرچہ گھروں پر چراغاں، مٹھائیوں کی تقسیم اور مساجد میں اجتماعات میں شرکت جیسی روایتی انداز کی تقریبات بدستور جاری ہیں، تاہم ڈیجیٹل میلاد کا بڑھتا ہوا رجحان پاکستان کے شہری مراکز میں مذہبی طرزِ عمل میں ایک نئے پہلو کی نشاندہی کرتا ہے۔












لائیو ٹی وی