ترکیہ: ازمیر میں پولیس اسٹیشن پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق، 16 سالہ نوجوان گرفتار
ترکی کے شہر ازمیر کے قریب ایک پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جب کہ 16 سالہ مشتبہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ترک وزیر داخلہ علی یرلکایا نے کہا کہ بالچووا کے پولیس اسٹیشن پر ہونے والے اس بزدلانہ حملے میں، جو سیاحتی شہر کے مغرب میں واقع ایک ضلع ہے، 2 اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ واقعے میں ملوث 16 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
یہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ اسٹیشن پر کیوں حملہ کیا گیا، لیکن ایک ترک ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ سیاہ شرٹ اور ہلکے رنگ کی پتلون پہنے ایک شخص فٹ پاتھ پر دوڑتا ہوا بندوق تھامے ایک عمارت میں داخل ہو رہا ہے۔
ترک ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے ایک اور کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ شہریوں کا ایک گروہ مبینہ حملہ آور، جس نے سفید پتلون پہن رکھی تھی، کو پکڑ کر ایک پولیس وین میں بٹھانے میں مدد کر رہا ہے۔
ڈی ایچ اے نیوز ایجنسی نے کہا کہ حملہ آور نے ’لمبی نالی والی بندوق‘ استعمال کی، جب کہ این ٹی وی ٹیلی ویژن نے اس ہتھیار کو ’شاٹ گن‘ قرار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے فوراً علاقے میں گھیراؤ کرکے سخت سیکیورٹی اقدامات نافذ کیے۔
ازمیر کے میئر جمیل توگای نے اس ’غدارانہ‘ حملے کی مذمت کی اور ایکس پر اپنے پیغام میں جاں بحق اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔












لائیو ٹی وی