یمن: اسرائیل کے صنعا میں مختلف مقامات پر فضائی حملے، 9 افراد شہید
یمن کے دارالحکومت صنعا اور صوبہ الجوف میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد شہید ہو گئے ہیں، اسرائیل کا یہ حملہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے ایک دن بعد کیا گیا ہے۔
قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی وزارتِ صحت نے بدھ (10 ستمبر) کو تصدیق کی ہے کہ صنعا اور الجوف پر اسرائیلی جارحیت میں 9 افراد شہید اور 118 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت نے یہ اعداد و شمار ابتدائی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ متاثرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ امدادی ٹیمیں اب بھی ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
وزارت کے مطابق، فضائی حملوں میں شہری اور رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا، جن میں صنعا کے التحریر محلے میں مکانات، شہر کے جنوب مغرب میں 60ویں اسٹریٹ پر واقع ایک طبی مرکز اور الجوف کے دارالحکومت الحزم میں ایک سرکاری کمپاؤنڈ شامل ہے۔
ادارت نے مزید بتایا کہ شہری دفاعی ٹیمیں بمباری سے لگنے والی آگ بجھانے اور ملبے سے زندہ افراد نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
حوثیوں کے زیرِ انتظام المسیرہ ٹی وی کے مطابق، حملوں میں صنعا کے جنوب مغرب میں قائم ایک طبی مرکز اور الحزم میں مقامی حکومت کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا۔
المسیرہ ٹی وی نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں کئی مکانات اور ہیڈکوارٹر برائے اخلاقی رہنمائی متاثر ہوئے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ گروپ نے اسرائیلی حملے کے خلاف زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل استعمال کیے، جس کے نتیجے میں کچھ اسرائیلی طیارے اپنے ہتھیار فائر کرنے سے پہلے ہی واپس لوٹ گئے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صنعا اور الجوف میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا، بیان میں مزید بتایا گیا کہ کچھ دیر قبل، اسرائیلی فضائیہ نے یمن کے صنعا اور الجوف کے علاقوں میں حوثی نظام سے تعلق رکھنے والے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اہداف میں فوجی کیمپ شامل تھے جہاں حوثی نظام کے افراد موجود تھے، حوثیوں کا فوجی تعلقاتِ عامہ کا ہیڈکوارٹر اور ایندھن ذخیرہ کرنے والے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا کہ یہ حملہ چند روز قبل اسرائیل کے رامون ایئرپورٹ پر حوثیوں کے ڈرون حملے کے جواب میں کیا گیا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ (حملہ) ہمارے ہاتھ کمزور کرنے کے لیے نہیں تھا، ہم نے انہیں دوبارہ فضا سے نشانہ بنایا، ان کی تنصیبات پر، ان کے اڈوں پر جہاں بہت سے حوثی موجود تھے اور دیگر سہولیات پر بھی۔
انہوں نے دھمکی دی کہ ہم حملے جاری رکھیں گے، جو کوئی ہم پر حملہ کرے گا، جو کوئی ہم پر وار کرے گا، ہم اس تک پہنچیں گے۔











لائیو ٹی وی