ٹی 20 ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کو شکست دے دی
متحدہ عرب امارات میں کھیلے جارہے ٹی 20 ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کو بہ آسانی سات وکٹوں سے شکست دی دے۔
بنگال ٹائیگرز نے 144 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 17.4 اوورز میں حاصل کرلیا، کپتان لٹن داس اور توحید ہریدوئے کی پارٹنر شپ نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز 47 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ 24 کے مجموعی اسکور پر پرویز حسین ایمون کو ایوش شکلا نے بابر حیات کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ انہوں نے 19 رنز بنائے۔ دوسرے اوپنر تنزید حسین 14 رنز بناکر عتیق اقبال کا شکار بنے۔
اس مرحلے پر کپتان لٹن داس نے جارحانہ انداز میں اننگز کو آگےبڑھایا، دوسرے اینڈ سے توحید ہریدوئے نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ لٹن داس نے 39 گیندوں پر 59 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
انہیں 142 رنز کے مجموعی اسکور پر عتیق اقبال نے بولڈ کردیا جبکہ فتح کے لیے محض دو رنز درکار تھے۔ توحید ہریدوئے36 گیندوں پر 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے عتیق اقبال نے دو اور ایوش شکلا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ابوظبی میں کھیلے جارہے گروپ بی کے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ہانگ کانگ کو دوسرے ہی اوور میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر انشے راٹھ محض چار رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، وکٹ کیپر لٹن داس نے تسکین احمد کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔
30 رنز کے مجموعی اسکور پر ون ڈاؤن بیٹر بابر حیات بھی چلتے بنے، وہ 14 رنز بنا کر تنظیم حسن ثاقب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
اوپنر بیٹر ذیشان علی اور نزاکت خان کے درمیان 41 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، جس کے بعد رنز کے مجموعی اسکور پر ذیشان علی تنظیم حسن ثاقب کا دوسرا شکار بن گئے، انہوں نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔
کپتان یاسم مرتضیٰ 28 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹر نزاکت خان تھے جو دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42رنز بنا کر رشاد حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اعزاز خان نے پانچ رنز بنائے جبکہ کنچت شاہ کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ کلہن چلو چار اور احسان خان دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں ہانگ کانگ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور رشاد حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں یہ پہلا میچ تھا ، جبکہ ہانگ کانگ اس سے قبل ایک میچ بھارت سے ہار چکا تھا۔
ٹی 20 ایشیا کپ کا چوتھا کل پاکستان اور اومان کی ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش اسکواڈ
تنزید حسین، پرویز حسین ایمون، لٹن داس (کپتان، وکٹ کیپر) توحید ہریدوئے، شمیم حسین، ذاکر علی، مہدی حسن، تنطیم حسن ثاقب، رشاد حسین، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن
ہانگ کانگ اسکواڈ
ذیشان علی ( وکٹ کیپر )، انشے راٹھ، بابر حیات، نزاکت خان، کلہن چلو، کنچت شاہ، یاسم مرتضیٰ (کپتان)، اعزاز خان، ایوش شکلا، عتیق اقبال، احسان خان













لائیو ٹی وی