بنگلہ دیش کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس، امداد کی پیشکش
بنگلہ دیش نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور اے ایف ایم خالد حسین نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور چیف ایڈوائزر محمد یونس کا خط ان کے سپرد کیا، اس موقع پر پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر خالد حسین اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی روابط اور گہری وابستگیوں پر مبنی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے عوامی رابطے، علمی تبادلوں، تجارتی اور اقتصادی تعلقات سمیت دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید کہا گیا کہ نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی دور اندیش قیادت اور غربت کے خاتمے میں ان کے کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کو سراہا۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد حسین نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی روابط اور مشترکہ مذہب سے جڑے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر خالد حسین نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کا ایک خط بھی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے حوالے کیا جس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار اور امداد کی پیشکش کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازوں کی جلد بحالی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات میں موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کے دوروں کا تبادلہ جاری رکھیں گے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ بنگلہ دیشی مشیر نے بھی وزیر اعظم کو چیف ایڈوائزر اور حکومت کی جانب سے بنگلہ دیش کے دورے کی دعوت دی۔













لائیو ٹی وی