حرا مانی نے فیشن برانڈ متعارف کرا دیا
معروف اداکارہ حرا مانی نے بھی دیگر شوبز شخصیات کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فیشن برانڈ متعارف کرادیا۔
اداکارہ نے ’حرا مانی کوٹیور‘ کے نام سے اپنا برانڈ متعارف کرادیا، جس کے بعد اب اداکارہ باضابطہ طور پر ’ڈیزائنر‘ بھی بن گئیں۔
انہوں نے اپنے برانڈ کو متعارف کراتے ہوئے برانڈ سے متعلق بتایا کہ برانڈ کا مقصد صرف کپڑے بنانا نہیں بلکہ عورت کی شخصیت، انفرادیت اور لباس پہننے کی خوشی کو اجاگر کرنا ہے۔
ان کے برانڈ کے آفیشنل انسٹاگرام کے مطابق مذکورہ برانڈ روایتی دستکاری کو جدید ڈیزائن کے ساتھ ملا کر ایسے کپڑے تیار کرتا ہے جو بیک وقت پرتعیش بھی ہوں اور پہننے میں آسان بھی ہوں۔
حرا مانی نے اپنی پہلی کلیکشن کا نام ’افسانے‘ رکھا ہے جو جلد متعارف کروائی جائے گی، انہوں نے انسٹاگرام پر برانڈ کا لوگو اور نعرہ بھی شیئر کیا۔
حرا مانی سے قبل متعدد اداکارائیں اپنے کلاتھنگ اور فیشن برانڈ متعارف کرا چکی ہیں جب کہ بعض اداکاراؤں نے میک اپ اور بیوٹی سیلونز کے کاروبار شروع کر رکھے ہیں۔
اسی طرح یشما گل وہ پہلی اداکارہ ہیں، جنہوں نے روایتی اداکاراؤں کے مقابلے فوڈ چین میں سرمایہ کاری کی اور انہوں نے کھانے کا ہوٹل کھولا، اسی طرح دیگر چند مرد اداکار بھی کھانے کے ہوٹلز چلاتے ہیں۔
ماہرہ خان، سائرہ یوسف، سارہ خان، کومل عزیز خان، مایا علی، صدف کنول، عائشہ عمر اور دیگر اداکاراؤں نے بھی فیشن اور کلاتھنگ برانڈ متعارف کرا رکھے ہیں۔
اسی طرح فہد مصطفیٰ اور اعجاز اسلم سمیت دیگر مرد اداکار بھی اپنے کاروبار کرتے ہیں، انہوں نے کلاتھنگ اور پرفیومز برانڈز متعارف کرا رکھے ہیں۔












لائیو ٹی وی