وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان 3 روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان 3 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، وفاقی وزیر دورے کے اعلیٰ ایرانی قیادت اور بزنس فورمز سے ملاقاتیں کریں گے۔
وفاقی وزارتِ تجارت کے اعلامیے کے مطابق جام کمال خان اتوار (14 ستمبر) کو 3 روزہ سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے، وفاقی وزیر کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی و تجارت سمیت کئی شعبوں میں متعدد معاہدے بھی ہو چکے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق، جام کمال خان دورہِ ایران کے دوران پاکستان۔ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس اور پاک۔ایران مشترکہ بزنس فورم کی ایرانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ سربراہی کریں گے۔
وفاقی وزیر 3 روزہ دورے کے دوران اہم ایرانی وزراء اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
وزارتِ تجارت کے مطابق، جام کمال خان کے دورہ کا مقصد مشترکہ اقتصادی کمیشن اور بزنس فورم کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی راہیں کھولنا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق گزشتہ ماہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان 12 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے تھے۔
ایرانی صدر کے دورہِ پاکستان میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں، برادرانہ تعلقات، مذہبی و ثقافتی رشتوں پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں مزید فروغ دینے کے لیے جامع بات چیت کی۔
معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں میں پودوں کے تحفظ، قرنطینہ کے لیے تعاون، میر جاوہ-تفتان بارڈر گیٹ کا مشترکہ استعمال، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون شامل تھا۔











لائیو ٹی وی