ہانیہ عامر نے شوبز میں 9 سالہ کیریئر کے تجربات شیئر کردیے

شائع September 15, 2025
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے شوبز انڈسٹری میں اپنے 9 سال کے کیریئر کے تجربات کو شیئر کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی۔

ہانیہ عامر نے اپنے کیریئر کا آغاز 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جانان‘ سے کیا، ان کے دیگر مشہور پروجیکٹس میں نامعلوم افراد 2، دلربا، تتلی، مجھے جینے دو، میرے ہمسفر، سنگِ ماہ اور مجھے پیار ہوا تھا شامل ہیں۔

اداکارہ سال 2024 کے مقبول ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں، انسٹاگرام پر وہ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت ہیں، جن کے 18 کروڑ 80 لاکھ فالوورز ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 9 سال کا عرصہ ہوچکا ہے اور اس دوران انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔

ہانیہ عامر کے مطابق جب انہوں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ لائٹس، کیمرا، یا لاکھوں لوگوں کی نظروں کے سامنے ہونا کیسا ہوتا ہے، اس وقت وہ غلطیوں سے سیکھ رہی تھیں، بغیر یہ جانے کہ زندگی انہیں کہاں لے جائے گی۔

اداکارہ نے کہا کہ زندگی کی ہر مشکل، ہر دل ٹوٹنا اور ہر خبر نے انہیں وہ بنایا جو وہ آج ہیں اور اس نے ان کی شخصیت کو مضبوط بنایا۔

ہانیہ عامر نے کہا کہ انڈسٹری میں عورت ہونے کی وجہ سے کئی مشکلات بھی آتی ہیں، لوگ توقع کرتے ہیں کہ عورت نازک ہو لیکن شور نہ مچائے، خوبصورت ہو لیکن بولڈ نہ ہو، ہر کوئی چاہتا ہے کہ آپ ایک باکس میں فٹ ہوں، لیکن وہ عورت جو اپنی جگہ بناتی ہے، اس کے لیے یہ ممکن نہیں، انہوں نے ہمیشہ یہ انتخاب کیا کہ اپنی جگہ خود بنائیں، زور سے ہنسیں اور بے خوف رہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے سیکھا کہ برا وقت آتا ہے مگر یہ گزر بھی جاتا ہے، زندگی رکتی نہیں، اس لیے انسان کو ہمیشہ آگے بڑھتے رہنا چاہیے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ زندگی میں ہمیشہ مثبت رہیں، اردگرد شور ہو تو خاموش رہیں، لیکن اپنی پہچان نہیں کھوئیں۔

ہانیہ عامر نے کہا کہ زندگی میں بہت کچھ بدل سکتا ہے، لیکن انسان کو اپنی اصل شخصیت نہیں بدلنی چاہیے، وہ چاہتی ہیں کہ لوگ اپنی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کو بھی خوشی کے ساتھ منائیں، تاکہ زندگی کی مشکلات کو آسانی سے عبور کیا جا سکے اور پیچھے مڑ کر دیکھنے پر سکون محسوس ہو۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2025
کارٹون : 11 نومبر 2025