علی ظفر نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فنڈ ریزنگ کنسرٹ کا اعلان کردیا

شائع September 15, 2025
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار علی ظفر نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے لاہور میں خصوصی فنڈ ریزنگ کنسرٹ کا اعلان کردیا۔

رواں سال کے شدید سیلاب نے ملک بھر میں تباہی مچائی ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوئے اور اب یہ خطرہ سندھ تک پہنچ چکا ہے۔

سیلاب کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ لاکھوں متاثرین اور ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

اس موقع پر جہاں فلاحی ادارے سیلاب متاثرین کی مدد میں سرگرم ہیں، وہیں شوبز شخصیات بھی متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔

علی ظفر نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ وہ 27 ستمبر کو لاہور کے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ایک خصوصی فنڈ ریزنگ کنسرٹ کا انعقاد کریں گے۔

گلوکار نے بتایا کہ کنسرٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی علی ظفر فاؤنڈیشن کے ذریعے سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے فراہم کی جائے گی، کنسرٹ شام 7 بجے شروع ہوگا اور اس کا مقصد ان ہزاروں خاندانوں کی مدد کرنا ہے جو اس قدرتی آفت کی وجہ سے اپنے گھر، ملازمت اور بنیادی ضروریات سے محروم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ کنسرٹ میں دیگر معروف گلوکار بھی سرپرائز پرفارمنس دیں گے، جن کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ متاثرہ لوگوں کو اس وقت ہماری سب سے زیادہ ضرورت ہے، کیونکہ انہوں نے سیلاب میں اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کھو دی ہے اور ایسے میں ہم سب کو اپنی استطاعت کے مطابق ان کی مدد کرنی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2025
کارٹون : 11 نومبر 2025