خیبرپختونخوا میں پولیو کے دو کیس رپورٹ، ملک بھر میں کیسز کی تعداد 26 ہوگئی
جنوبی خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور شمالی وزیرستان میں پولیو کے دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان کیسز کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کی مجموعی تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( ای او سی ) کے ترجمان نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو زندگی بھر کی معذوری کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین ہر مہم میں اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
ترجمان نے کہا کہ وائرس کی روک تھام کے لیے جنوبی خیبر پختونخوا میں اعلیٰ معیار کی پولیو مہم جاری ہے جبکہ آج سے باجوڑ اور اپر دیر میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رواں ہفتے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران 16 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ای او سی نے والدین سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں اور بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں اس خطرناک اور لاعلاج بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔













لائیو ٹی وی