فلم ساز وجاہت رؤف کا ’ابیر گلال‘ کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا مطالبہ

شائع September 15, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف فلم ساز وجاہت رؤف نے پاکستانی اداکار فواد خان کی بھارتی فلم ’ابیر گلال‘ کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔

’ابیر گلال‘ کو پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں 12 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، فلم کے پروڈیوسرز کا تعلق برطانیہ اور کینیڈا سے بھی ہے۔

’ابیر گلال‘ کو تاحال پاکستان اور بھارت میں ریلیز کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا، نہ فلم کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی دونوں ممالک کی حکومتوں نے اس پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔

’ابیر گلال‘ کو دنیا بھر میں ریلیز کیے جانے کے بعد وجاہت رؤف نے اسے پاکستان میں ریلیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد خان پاکستان کے اسٹار ہیں، اس لیے ان کی فلم کو یہاں ریلیز کیا جانا چاہیے۔

وجاہت رؤف نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ فواد خان پاکستان کے اسٹار ہیں اور پاکستانی عوام ان کی فلم کو اسکرین پر دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ فواد خان کی بھارتی فلم کے اہم پروڈیوسرز برطانوی ہیں، اس لیے فلم کو پاکستان میں ریلیز کیا جائے۔

فلم ساز نے مزید لکھا کہ وہ ان لوگوں میں شامل نہیں جو صرف کرکٹ پر تالیاں بجائیں، فواد خان کو اپنے لوگ اسکرینز پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

مذکورہ فلم کے ذریعے فواد خان نے تقریبا ایک دہائی بعد بھارتی فلموں میں واپسی کی ہے، اس سے قبل وہ 2015 میں وہ آخری بار ’اے دل ہے مشکل‘ فلم میں دکھائی دیے تھے۔

ابتدائی طور پر ’ابیر گلال‘ کا ٹیزر اپریل 2025 میں ریلیز کیا گیا تھا اور فلم کو مئی میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن مئی میں ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر فلم کی ریلیز موخر کردی گئی تھی اور اس کے ٹریلر اور ٹیزر کو بھی یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا تھا۔

بعد ازاں فلم کے پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا بھرمیں 12 ستمبر کو ریلیز کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2025
کارٹون : 11 نومبر 2025