لاہور: زمان پارک میں پولیس گاڑیاں جلانے کے کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی

شائع September 15, 2025 اپ ڈیٹ September 15, 2025 08:24pm
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت میں عسکری ٹاور حملہ سمیت 9 مئی کے 4 مقدمات کا جیل ٹرائل ہوا، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔

زیرحراست ملزموں ڈاکٹر یاسمین راشد ٫ عمر سرفراز چیمہ٫ اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کی حاضری مکمل کی گئی۔

زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں 2 سرکاری گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرائے، ملزمان کے وکلاء نے گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کی۔

عدالت نے زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے پر سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔

دریں اثنا، عسکری ٹاور حملہ سمیت تین مقدمات کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی، پراسیکوشن کے گواہان شہادت ریکارڈ کرانے کے لیے پیش ہوئے۔

مغلپورہ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات کی بھی سماعت ہوئی۔

یاد رہے کہ 15 مارچ 2023 کو جب اسلام آباد پولیس کی ٹیم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے زمان پارک پہنچی تھی تو پی ٹی آئی کے حامیوں کی پولیس کے ساتھ بھرپور جھڑپیں ہوئی تھیں۔

پولیس اور پی ٹی آئی ورکرز کے درمیان یہ جھڑپیں 11 گھنٹے تک جاری رہی تھیں اور پولیس کی مدد کے لیے پہنچنے والے پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستے بھی اس مزاحمت کو توڑنے میں ناکام رہے تھے۔

ان جھڑپوں کے دوران 30 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے پھینکے گئے پیٹرول بموں سے پولیس متعدد گاڑیاں تباہ ہوئی تھیں اور بالخصوص پانی کی توپ نذر آتش کردی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026