خلیل الرحمٰن قمر کے اسکرپٹ کی وجہ سے پریشان تھی، ’میں منٹو نہیں ہوں‘ دو بار مسترد کرچکی تھی، صنم سعید

شائع September 15, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ صنم سعید نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں کام کرنے کی پیش کش دو بار مسترد کردی تھی جب کہ انہیں یہ خدشہ بھی لاحق تھا کہ مذکورہ ڈرامے کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے۔

حال ہی میں صنم سعید نے ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں استاد اور شاگرد کے درمیان رومانوی تعلق دکھانے پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ حقیقی زندگی میں ایسا ناممکن ہوتا ہے، ایسا اس وقت ہوسکتا ہے جب استاد تعلیمی ادارہ چھوڑ جائے۔

ان کے مطابق چوں کہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی کہانی افسانوی ہے، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے ڈراموں میں ایسی کہانیاں چل سکتی ہیں۔

انہوں نے ڈرامے میں اپنے کردار پر بھی بات کی اور کہا کہ پہلی بار انہوں نے ڈراموں میں منفرد کردار ادا کیا اور ان کا کردار یک طرفہ محبت کا شکار ہے۔

صنم سعید کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں وہ منٹو سے محبت کرتی ہیں لیکن منٹو ان سے محبت نہیں کرتا لیکن وہ اسے اپنے سہارے اور ساتھی کے طور پر دیکھتا ہے جب کہ وہ بھی منٹو کے لیے ساتھی کے طور پر دستیاب رہتی ہیں۔

انہوں نے ڈرامے میں اپنے کردار کی جانب سے ساڑھیوں سے محبت پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں یہ بھی اچھا لگا کہ انہیں ساڑھیوں سے محبت کرنے والی خاتون کے طور پر دکھایا گیا۔

اداکارہ نے ڈرامے میں دوران حمل کام کرنے پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ ساتویں مہینے کے حمل سے تھیں اور ان کے مناظر شوٹ کرتے وقت ان کا ’بے بی بمپ‘ مختلف چیزوں سے چھپایا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں خلیل الرحمٰن قمر کی کہانی ہونے کی وجہ سے خدشہ تھا اور انہیں خوف تھا کہ وہ کس طرح ان کے لکھے ہوئے ڈرامے میں کام کریں گی لیکن ساتھ ہی انہیں یقین تھا کہ وہ خراب الفاظ یا جملوں کو تبدیل کروا دیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ڈرامے کی پوری کہانی نہیں پڑھی، صرف اپنے کردار کا اسکرپٹ پڑھا، ان کے کردار کے جملے ٹھیک تھے، تاہم ڈرامے کے دیگر چند کرداروں کے کچھ جملے مناسب نہیں تھے، جنہیں تبدیل کرنے کی ضرورت تھی۔

صنم سعید کے مطابق انہوں نے سوچا تھا کہ ہدایت کار ندیم بیگ نامناسب اور متنازع جملوں کو تبدیل کردیں گے اور ان میں ایسی صلاحیت موجود ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں صنم سعید نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے دو بار ڈرامے میں کام کرنے کی پیش کش مسترد کر چکی تھیں، کیوں کہ ان کے پاس وقت نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دو بار مسترد کرنے کے بعد ندیم بیگ نے انہیں تیسری بار فون کیا تو وہ انکار نہ کرسکیں، کیوں کہ اب ان کی جانب سے انکار کا مطلب یہ ہوتا کہ ہدایت کار پھر کبھی انہیں کام کی پیش کش نہ کرتے۔

صنم سعید نے بتایا کہ تیسری بار ہدایت کار کی جانب سے فون کرنے پر انہوں نے کام کرنے کی حامی بھری اور حمل کے دوران ہی ڈرامے کی شوٹنگ میں حصہ لیا۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2025
کارٹون : 11 نومبر 2025