• KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C

عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ

شائع September 16, 2025
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، ہم نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی اور اب وہ کھیل کے میدان میں سیاست کر رہا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز میں ڈاکٹر رابعہ اختر کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ایک حریف ملک ہے جس کی پالیسیاں فریب اور دغا بازی پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے میں اپنی بالادستی کے عزائم کی تکمیل کے لیے ہندوتوا نظریئے کو مزید پھیلانے کی کوشش کی تاہم یہ خواب اس وقت چکنا چور ہو گیا جب پوری پاکستانی قوم متحد ہو گئی اور خطے میں ایک نئی ڈیٹرنس قائم ہوئی۔

انہوں نے کتاب کی مصنفہ اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی جانب سے اس موضوع کو بروقت اجاگر کرنے پر سراہا، وفاقی وزیر نے کہا کہ اس چار روزہ جنگ نے ہمیں اہم اسباق سکھائے، بطور طالب علم تاریخ اور سیاستدان پہلا سبق یہ سیکھا کہ کوئی بھی جارح، قابض یا قانون شکن ملک کبھی مظلوم نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اب بھارت کرکٹ جیسے کھیل کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ دراصل اپنی سبکی سے بچنے کی ایک ناکام کوشش ہے، ہم نے اپنی عسکری برتری ثابت کی اور بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، ہمارے بھرپور جواب کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست دینا پڑی، اب وہ کھیل کے میدان میں سیاست لے کر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسی قوم جو اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو اور جس کے پاس کوئی اقدار نہ ہوں وہ ہمیشہ اس طرح کے تماشوں کا سہارا لے گی، خاص طور پر جب وہ عسکری میدان میں شکست کھا چکی ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس ذہنیت کا اظہار ہے جو سرحد کے اُس پار پائی جاتی ہے جہاں برتری ثابت کرنے کے لئے اس قسم کی جارحیت کا سہارا لیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، معصوم کشمیری عوام کی حمایت، سیاسی سفارتی اور اخلاقی سطح پر جاری رکھی جائے گی جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چار روزہ جنگ کے بعد مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی تنازع کے طور پر پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈاکٹر رابعہ اختر کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب ہماری حکمت عملیوں کو تشکیل دینے میں دور رس اثرات مرتب کرے گی، بہت سے پالیسی ساز اس شاہکار سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اور سینٹر فار سیکیورٹی اسٹریٹجی اینڈ پالیسی کو بھی اس اہم اقدام پر مبارکباد پیش کی۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025