عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھارت سے آپریٹ ہو رہا ہے، وفاقی وزیر ریلوے کا دعویٰ

شائع September 16, 2025
— فوٹو: اسکرین گریب/ پی ٹی وی/ ڈان نیوز
— فوٹو: اسکرین گریب/ پی ٹی وی/ ڈان نیوز

وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر اربوں ڈالر انویسٹ کیے ہیں، اور یہ جماعت دہشتگردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے جبکہ عمران خان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھارت سے آپریٹ ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے اسلام آباد سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، اس جنگ میں ہم نے 90 ہزار سے زائد جانیں قربان کیں، اس دوران ہمارے بہادر جوان و افسران اور معصوم شہری شہید ہوئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس جنگ کے دوران کچھ لوگ دہشت گردوں کی سہولت کاری اور افواج پاکستان کی قربانیوں کی توہین کرتے رہے، پاکستان میں ایک ایسی جماعت نے جنم لیا جس نے اپنے اداروں پر منظم سازش کے تحت حملے کیے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے ساتھ ساتھ ایک جنگ ہمیں فتنہ النتشار کیخلاف بھی لڑنا پڑی گی، بھارت معرکہ حق میں شکست کے بعد ربوں ڈالر کی انویسمنٹ کے ذریعے افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان میں دخل اندازی کی کوشش کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ایک ساسی جماعت ان خوارج کی سرپرستی کر رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں خوارج کے لیے محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں۔

حنیف عباسی نے دعویٰ کیا کہ سربراہ پاکستان تحریک انصاف کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھارت سے آپریٹ ہو رہا ہے، عمران خان بھارت اور اسرائیلی میڈیا کی پسندیدہ شخصت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے ظاہری جنگ نہیں جیت سکتا، وہ عمران خان اور خوارج جیسی پراکسیز کے ذریعے ہمارے ملک میں عدم استحکام لانا چاہتا ہے، سربراہ پی ٹی آئی ملک دشمنی پر مبنی کردار ادار کر رہے ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان اقتدار کے لیے اتنا بھوکا ہوگیا ہے کہ ان کے ٹوئٹ بھی دہشت گردوں کے حق میں ہوتے ہیں، بانی تحریک انصاف نے دہشت گردوں اور اسرائیل کے خلاف، معرکہ حق اور فلسطین کے حق میں کوئی ایک ٹوئٹ بھی نہیں کیا، وہ دہشتگردوں اور شہدا کو برابر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حنیف عباسی نےمزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کریں، ان کے دورِ حکومت میں 40 ہزار دہشتگردوں کو خیبرپختونخوا میں بسایا گیا اور کہا گیا کہ یہ ہمارے اپنے لوگ ہیں، آج وہی تربیت یافتہ لوگ دھندھناتے پھر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور اُن کی پوری ٹیم کرپشن، نارکوٹکس اور گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہے، اور اربوں روپے اکھٹے کر کے بیرون ملک بھیجے جا رہے ہیں۔

انہوں نے صوبے میں دہشت گردوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا، اور جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں کے جنازوں میں بھی صوبائی سطح سے کوئی بھی شرکت نہیں کرتا، حنیف عباسی نے سوال اُٹھایا کہ وہ کون ہیں جو دشمن کی خوشنودی حاصل کرنا اور کرپشن کا مال بنانا چاہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025