ایشیا کپ: بنگلہ دیش کی دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو 8 رنز سے شکست
ایشیا کپ 2025 کے 9ویں میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے دی ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے 155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 146 رنز ہی بنا سکی، افغان اوپنر بیٹر رحمٰن اللہ گرباز 35 اور عظمت اللہ عمرزئی 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کے مستفیظ الرحمٰن 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جب کہ نسیم احمد، تسکین احمد راشاد حسین نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے، تنزید حسین نے شاندار 31 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
سیف حسن 30 اور توحید ہردوئے 26 بنا کر نمایاں رہے جب کہ افغانستان کے کپتان راشد خان اور نور احمد 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
بنگلہ دیش کی فتح کے بعد گروپ بی میں سپر فور کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ٹیموں کے درمیان دلچسپ صورتحال بن گئی ہے۔
گروپ بی میں سری لنکا 2 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، بنگلہ دیش 3 میچز کھیل کر 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ افغانستان 2 میچز کھیل کر 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
افغانستان اور سری لنکا کے درمیان 18 ستمبر کو شیڈول میچ کے نتائج، گروپ بی سے ٹاپ ٹو ٹیموں کے سپر فور مرحلے میں رسائی پر مہر ثبت کریں گے۔














لائیو ٹی وی