میچ ریفری ہٹائیں ورنہ ایشیاکپ کا بائیکاٹ، پاکستان کرکٹ بورڈ ڈٹ گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاک-بھارت میچ کے دوران جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے والے ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے ہٹانے تک مزید میچز نہ کھیلنے کے فیصلے پر ڈٹ گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو اپنےمؤقف سے آگاہ کر دیا ہے، پی سی نے 17 ستمبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف شیڈول مقابلے کو اینڈی پائیکرافٹ کے ہٹانے سے مشروط کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو ایک بار پھر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے نہ نکالا گیا تو پاکستان ٹیم ایونٹ میں مزید میچز نہیں کھیلے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اسلام آباد میں موجود ہیں، جہاں چیئرمین پی سی بی کی اعلیٰ حکومت حکام سے ایشیائی ایونٹ میں شریک رہنے یا دستبرداری کے فیصلے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، ساتھ ہی پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان بھی حالیہ تنازع پر گفت و شنید کا عمل جاری ہے۔
اُدھر ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری کے تنازع پر کہا ہےکہ ایشیا کپ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، حتمی اعلان پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل دبئی میں شیڈول پریس کانفرنس کو منسوخ جبکہ پریکٹس سیشن کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں، ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے حوالے سے تحقیقات مکمل ہو گئی ہیں، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے وینیو منیجر کے کہنے پر میچ ریفری نے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی ٹیم کے کپتان سے ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے عین ٹاس کے وقت سلمان علی آغا کو مائیک میوٹ کرکے بات سننے کا کہا، اس دوران میچ ریفری نے قومی ٹیم کے کپتان کو کہا کہ ٹاس کے بعد سوریا کمار یادو سے ہاتھ نہیں ملانا۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قواعد کے مطابق میچ ریفری براہ راست کپتان یا پلیئرز کو ہدایات نہیں دے سکتا، میچ ریفری صرف ٹیم منیجر کو پیغام دینے کا پابند ہے۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔
ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔
میچ کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملائے اور بھارتی کھلاڑی سیدھا اپنے ڈریسنگ روم چلے گئے تھے، احتجاجاً قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔
بعد ازاں، پی سی بی نے زمبابوے سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیاکپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ٹورنامنٹ میں مزید میچز نہ کھیلنے کی دھمکی دی ہے۔











لائیو ٹی وی