پی سی بی کا آئی سی سی کو دوسرا خط، میچ ریفری کو ہٹانے کا اصولی مطالبہ دہرا دیا

شائع September 17, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دوسرا اور جوابی خط لکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا اپنا اصولی مطالبہ پھر دہرا دیا، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج طے شدہ میچ کے انعقاد پر شک و شبہات برقرار ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو دوسرا اور جوابی خط لکھ دیا جس میں میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا اصولی مطالبہ دہرایا گیا ہے۔

پی سی بی نے خط میں موقف اپنایا ہے کہ آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو تبدیل کرے، ذرائع کے مطابق اینڈی پائیکرافٹ نے اسپرٹ آف کرکٹ کو پامال کیا، پائیکرافٹ نے دانستہ طور پر بھارتی ٹیم کے خلاف کارروائی نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی چاہتا ہے کہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے، پی سی بی نے ایک روز قبل بھی آئی سی سی کے نام خط تحریر کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان اور یو اے ای کے درمیان آج ہونے والے میچ پر شکوک شبہات کے سائے منڈلا رہے ہیں، تاحال فیصلہ ہونا باقی ہے کہ پاکستان یو اے ای کے خلاف میچ کھیلی گی یا نہیں۔

ترجمان پی سی بی نے گزشتہ روز میچ ریفری کے تنازع پر کہا تھا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، حتمی اعلان پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے سے متعلق پاکستان کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز قومی ٹیم کی یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل دبئی میں شیڈول پریس کانفرنس کو منسوخ کردی تھی، تاہم کھلاڑیوں نے معمول کے مطابق پریکٹس سیشن مکمل کیا تھا اور یو اے ای کے خلاف میچ کے لیے بھرپور تیاری کی تھی۔

پاکستان نے آج میچ کا بائیکاٹ کیا تو یو اے ای کو پوائنٹس مل جائیں گے اور وہ سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔

پاکستان میچ کھیلا تو جیت کی صورت میں سپر فور مرحلے میں پہنچ جائے گا جہاں بھارت سے ایک اور میچ شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔

ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔

میچ کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملائے اور بھارتی کھلاڑی سیدھا اپنے ڈریسنگ روم چلے گئے تھے، احتجاجاً قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔

بعد ازاں، پی سی بی نے زمبابوے سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیاکپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ٹورنامنٹ میں مزید میچز نہ کھیلنے کی دھمکی دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025