بھارت نے ایشیاکپ جیتنے سے پہلے ہی شوشا چھوڑ دیا، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

شائع September 17, 2025
فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

بھارت نے ایشیا کپ جیتنے سے پہلے ہی شوشا چھوڑ دیا، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے فائنل جیتنے کی صورت میں چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی کے ہاتھ سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے پر شروع ہونے والا تنازع شدت اختیار کر گیا۔

بھارت کی جانب سے پاک-بھارت میچ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کے بعد اب ایشیا کپ 2025 کی اختتامی تقریب متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پہنچنے سے پہلے ہی ایک اور شوشا چھوڑ دیا اور ٹرافی جیتنے سے پہلے ہی مطالبات سامنے رکھ دیے۔

بھارتی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے ایشین کرکٹ کونسل سے کہا ہے کہ وہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیئر مین محسن نقوی سے ٹرافی نہیں لیں گے۔

بھارتی کپتان کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل سے ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی کو نہ بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دوسرا اور جوابی خط لکھتے ہوئے ٹی 20 ایشیاکپ کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا اپنا اصولی مطالبہ پھر دہرایا تھا۔

دوسری جانب، ایشیا کپ میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ پر شکوک و شبہات برقرار ہیں، ایشین کرکٹ کونسل نے آج کے میچ کا بینر پوسٹ کرکے واپس ہٹا دیا۔

گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے سے متعلق پاکستان کا مطالبہ مسترد کردیا ہے، تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے تاحال اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ ایشیا کپ 2025 کی افتتاحی تقریب میں شروع ہوا جب ٹرافی کی رونمائی اور کپتانوں کی پریس کانفرنس کے دوران پروٹوکول کے تحت بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے دیگر کپتانوں کی طرح چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی اور قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تصاویر وائرل ہوتے ہی بھارتی شدت پسندوں نے سوریا کمار یادیو کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں غدار قرار دے دیا گیا اور یوں بھارتی کپتان انتہا پسند ہندوؤں کے دباؤ میں آگئے اور پاکستان کے خلاف میچ میں اسپورٹ مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قومی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملائے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025