• KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C

غزہ میں نسل کشی: اسرائیل کو اقوام متحدہ سے نکال دینا چاہیے، صدر آئرلینڈ

شائع September 17, 2025
— فوٹو: انالودوایجنسی
— فوٹو: انالودوایجنسی

آئرلینڈ کے صدر مائیکل ہیگنز نے تجویز دی ہے کہ اسرائیل اور وہ ممالک جو اسے ہتھیار فراہم کرتے ہیں، انہیں اقوامِ متحدہ سے خارج کر دینا چاہیے۔

ترکیہ کی انالودو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے، جب اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے کمیشن کردہ آزاد ماہرین کی ایک ٹیم نے نتیجہ اخذ کیا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔

رپورٹ کے اعلان کے فوراً بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مائیکل ہیگنز نے کہا کہ ’میرا خیال ہے یہ ایک نہایت اہم دستاویز ہے اور ظاہر ہے کہ اس ورکنگ گروپ کے چیئر وہی شخصیت ہیں جو روانڈا پر ورکنگ گروپ کے چیئر تھے، اور اس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ نسل کشی کے حوالے سے چار بنیادی اقدامات پورے ہو رہے ہیں، جو 1948 کنونشن میں بتائے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس بارے میں بہت بار بات کی ہے، اور جب آپ یہ سوچتے ہیں کہ کل اور آج کتنے لوگ شہید کیے گئے تو دل دہل جاتا ہے، جن میں سے نصف عورتیں اور بچے تھے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی ہے، یو این تحقیقاتی کمیشن کی نئی رپورٹ تقریباً 2 سال کی جنگ کے بعد ایک سنگِ میل لمحہ ہے۔

اقوام متحدہ کے ’انڈیپنڈنٹ انٹرنیشنل کمیشن آف انکوائری آن دی اوکیوپائیڈ فلسطینی ٹیریٹری‘ کی سربراہ ناوی پلے نے منگل کو الجزیرہ کو بتایا تھا کہ اس کے نتائج اسرائیلی رہنماؤں وزیر اعظم نیتن یاہو، سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ اور صدر اسحٰق ہرزوگ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم نے صدر، وزیر اعظم اور سابق وزیر دفاع کی شناخت ان کے بیانات اور اُن احکامات کی بنیاد پر کی ہے جو انہوں نے دیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ چوں کہ یہ تینوں افراد ریاست کے نمائندے تھے، قانون کے تحت ریاست کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، لہٰذا ہم کہتے ہیں کہ یہ اسرائیل کی ریاست ہے جس نے نسل کشی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمیشن نے پایا تھا کہ اسرائیلی حکام کے بیانات کے ساتھ ساتھ حالاتی شواہد بھی ان کے نسل کشی کے ارادے کے نتیجے تک پہنچنے کا باعث بنے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025