ایشیاکپ: افغانستان کو شکست دے کر سری لنکا سپر فور میں پہنچ گیا

شائع September 18, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: افغان کرکٹ / ایکس
— فوٹو: افغان کرکٹ / ایکس
— فوٹو: ایشین کرکٹ کونسل
— فوٹو: ایشین کرکٹ کونسل

ایشیاکپ 2025 کے گروپ بی کے آخری میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور سپر فور کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ افغان ٹیم کا ایونٹ میں سفر ختم ہو گیا۔

ابو ظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، افغان ٹیم نے محمد نبی کی جارحانہ نصف سینچری کی مدد سے 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

سری لنکا نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا، کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا 28 اور کامندو مینڈس 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی اور نور احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں، افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، افغان بیٹرز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور محض 71 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور اس موقع پر لگ رہا تھا کہ افغانستان کی ٹیم بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب نہیں ہوگی۔

تاہم ایسے موقع پر ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے محمد نبی نے 22 گیندوں پر شاندار 60 رنز بنائے، جس میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ کپتان راشد خان نے بھی 23 گیندوں پر 24 رنز بنائے جبکہ ابراہیم زدران بھی 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

سری لنکا کے نوان تُشارا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ دشمانتھا چمیرا، دونِتھ ویلا لاگے اور داسُن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، افغانستان کو اپنے پچھلے گروپ میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب کہ اپنے پہلے میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ افغانستان کو سپر فور میں رسائی حاصل کرنے کے لیے یہ میچ لازمی جیتنا ہے، سری لنکا کی کامیابی کی صورت میں بنگلہ دیش اور سری لنکا سپر فور میں پہنچ جائیں گے۔

دوسری جانب، گروپ اے سے پاکستان اور بھارت پہلے ہی سپر فور میں کوالیفائی کرچکے ہیں، بھارت گروپ مرحلے میں اپنا آخری میچ کل اومان کے خلاف کھیلے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025