پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے فضائی حدود کی بندش مزید ایک ماہ کیلئے بڑھا دی
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود پر پابندی میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت نے اپنی فضائی حدود بھارتی طیاروں کے لیے مزید ایک ماہ یعنی 23 ستمبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
پی اے اے کے ترجمان سیف اللہ خان نے ڈان گفتگو میں تصدیق کی کہ بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش 24 اکتوبر تک بڑھا دی گئی ہے۔
ڈان ڈاٹ کام کے پاس موجود نوٹم کی کاپی نے بھی اس بندش کی تصدیق کی۔
پی اے اے کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان کی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے بند رہے گی، اور یہ پابندی ان تمام طیاروں پر لاگو ہوگی جو بھارتی ایئرلائنز یا آپریٹرز کے زیرِ ملکیت، زیرِ انتظام یا لیز پر ہیں، اس میں فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔‘
پی اے اے نے مزید کہا کہ یہ پابندی 19 ستمبر 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے سے نافذ ہو کر 24 اکتوبر 2025 کو صبح 4 بج کر 59 منٹ تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلسل پانچویں مہینے بھارتی طیاروں پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کر رہاہے۔
واضح رہے کہ 23 اپریل کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد 24 اپریل کو پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 23 مئی کو پہلی مرتبہ ایک ماہ کی توسیع کی تھی، جس کے بعد 23 جون کو اس میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کر دیا گیا تھا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے 19 جولائی کو ایک اور نوٹم جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ پابندی پاکستانی وقت کے مطابق 24 اگست کی صبح 4 بجکر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔
20 اگست کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود میں 23 ستمبر تک بندش کی توسیع کا نوٹی فیکشن جاری کیا تھا۔












لائیو ٹی وی