متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ ایک بار پھر پاک-بھارت میچ کے ریفری تعینات
متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایک بار پھر پاک-بھارت کے اتوار کو ہونے والے میچ کے لیے ریفری تعینات کر دیا گیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔
ڈان نیوز کے مطابق متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایک بار پھر پاک-بھارت کے اتوار کو ہونے والے میچ کا ریفری تعینات کر دیا گیا ہے، بھارت کے خلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم نے موٹی ویشنل اسپیکر کی خدمات بھی حاصل کرلیں۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کل مدمقابل ہوں گے، میچ کے لیے پاکستان ٹیم نے دبئی میں بھرپور تیاری کی ہے، پاکستان ٹیم میں ایک سے 2 تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔
پہلے میچ میں بھارت کا پلڑا بھاری رہا تھا، شائقین اب منتظر ہیں کہ دوسرے میچ میں کون بازی مارے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے، جب کہ پاکستان کو واحد شکست بھارت کے خلاف ہوئی ہے۔
بڑے میچ سے پہلے سلمان آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی سربراہی میں بڑی بیٹھک لگائی گئی ہے، بلے بازوں نے ایشیا کپ میں اپنی ناکامی کا اعتراف کیا۔
ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاٹ بالز کم کرکے اسٹرائیک روٹیشن پر زور دینے کی تلقین کی، بلے بازوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سپر فور مرحلے میں غلطیوں پر قابو پائیں گے۔
اس کے بعد پاکستان نے پریکٹس سیشن میں خوب جان ماری، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خوب مشقیں ہوئیں، میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں بھی کی جاسکتی ہیں۔
بڑے میچ کی ٹکٹس کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا، ٹکٹ کی کم سے کم 350 درہم یعنی پاکستانی 27 ہزار روپے ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے 14 ستمبر کو ہونے والے چھٹے میچ میں میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر حریف کپتان سوریا کمار یادیو کو ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا۔
میچ کے اختتام پر بھارتی کرکٹ ٹیم نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان ٹیم سے ’نو ہینڈ شیک‘ کیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے کپتان سلمان علی آغا کو پوسٹ میچ پریذنٹیشن میں جانے سے منع کر دیا تھا۔
بعدازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیا کپ سے نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آئی سی سی حکام کو خط لکھا، جس کے جواب میں آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتایا کہ ’نو ہینڈ شیک‘ میں اینڈی پائیکرافٹ کا کردار نہ ہونے کے برابر تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے مؤقف پر عدم اطمینان کرتے ہوئے دوسرا خط بھی آئی سی سی حکام کو لکھ دیا تھا، جس میں باور کروایا گیا تھا کہ اگر میچ ریفری کو ایونٹ سے نہ نکالا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کا بائیکاٹ کر دے گا۔











لائیو ٹی وی