• KHI: Partly Cloudy 25.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.5°C
  • ISB: Clear 14.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 25.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.5°C
  • ISB: Clear 14.3°C

غزہ: اسرائیلی فورسز کے بدترین حملے جاری، مزید 51 فلسطینی شہید

شائع September 20, 2025
— فائل فوٹو: الجزیرہ
— فائل فوٹو: الجزیرہ

اسرائیل کی قابض افواج کے غزہ پر بدترین حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں مزید 51 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ سٹی سمیت مختلف علاقوں میں اسرائیلی افواج نے نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا، عارضی کیمپ پر کیے گئےایک حملے میں 4 افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

اسرائیلی افواج نے شہر کے شمال مغربی حصے میں بھی شدید گولہ باری اور ریموٹ کنٹرول حملے کیے، جب کہ شمال مشرقی حصے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فضائیہ نے مغربی غزہ سٹی کے ایک اسکول کو نشانہ بنایا، متاثرہ اسکول میں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے، جس میں 2 بچے شہید ہوئے۔

فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق غزہ سٹی کے تفاح محلے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 افراد شہید ہوئے، ایک اور واقعے میں اسرائیلی افواج نے یعبد قصبے پر چھاپے کے دوران 29 سالہ فلسطینی شخص پر تشدد کر کے اُسے زخمی کردیا، جسے فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی ٹیم نے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

ڈائریکٹر الشفا ہسپتال کے بھائی کے گھر پر حملہ

غزہ کے مغربی علاقے میں قائم شَتی پناہ گزین کیمپ میں الشفا میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ کے بھائی کے گھر پر اسرائیل نے فضائی حملہ کیا، جس میں ڈائریکٹر الشفا ہسپتالکے بھائی ماجد اور اُن کی اہلیہ شہید ہو گئیں۔

محمد ابو سلمیہ نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ میں صدمے اور غم میں ڈوب گیا جب میں نے اپنے بھائی اور اس کی بیوی کی لاشیں دیکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب کچھ بھی ممکن ہے، آپ کو اپنے پیارے شہید یا زخمی حالت میں مل سکتے ہیں، قابض افواج کے جرائم جاری ہیں اور شہدا کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔

غزہ میں مجموعی شہادتیں

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق کہ اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 65 ہزار 208 جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 271 تک پہنچ گئی ہے۔

اس دوران مجموعی طور پر 2 ہزار 518 افراد کو امداد کی تلاش کے دوران شہید کیا گیا، جب کہ ان واقعات میں 18 ہزار 449 افراد زخمی رپورٹ ہوئے۔

غزہ میں اب تک بھوک سے 164 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 32 بچے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ فلسطینی سول ڈیفنس کے مطابق اگست میں اسرائیل کی بڑی کارروائی کے آغاز سے اب تک غزہ سٹی کی تقریبا نصف آبادی، یعنی لگ بھگ 45 لاکھ افراد شہر سے نکل چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 10 فروری 2026
کارٹون : 8 فروری 2026