وادی تیراہ واقعہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک، ایک کروڑ دینے کا اعلان

شائع September 23, 2025
فائل فوٹو: پی ٹی آئی، ایکس
فائل فوٹو: پی ٹی آئی، ایکس

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وادی تیراہ کے واقعے میں جان بحق افراد کے لیے ایک ایک کروڑ روپے معاوضوں کا اعلان کردیا

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے حوالے سے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ایم این اے اقبال آفریدی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر پشاورسمیت دیگر احکام موجود تھے۔

ملاقات میں وادی تیراہ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

دوران ملاقات وزیر اعلی نے واقعے کے شہداء کے لواحقین کے لیے ایک ایک کروڑ روپے معاوضوں کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے کہاکہ واقعے میں عام شہریوں کی شہادت افسوسناک اور قابل مذمت ہے، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی شہادت ناقابل قبول ہے۔

ملاقات میں آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا اور اس سلسلے میں مشران پر مشتمل جرگے کی اعلی عسکری حکام کے ساتھ ملاقات کرانے کا فیصلہ کیا۔

عسکری حکام کے ساتھ جرگے کی ملاقات میں علاقے میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، باجوڑ کے طرز پر تیراہ میں بھی امن و امان کے قیام کے لئے حکمت عملی اپنائی جائےگی۔

ملاقات میں علاقے میں امن کے لئے علاقہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات سہیل آفریدی نے بھی آج خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں اس واقعے پر آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ’سانحہ‘ وادی تیراہ میں رات کو 2 بجے پیش آیا۔

سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ مقامی لوگوں پر ’مارٹر اور بم برسائے گئے‘، 25 افراد کی جانیں ضائع ہو گئیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، انہوں نے اس واقعے کی ذمہ داری سیکیورٹی فورسز پر عائد کی، تاہم ابھی تک یہ آزادانہ طور پر ثابت نہیں ہو سکا کہ اصل ذمہ دار کون ہے۔

خیبر سے رکن قومی اسمبلی محمد اقبال خان آفریدی نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور پشتو زبان میں جاری ویڈیو پیغام میڈیا کے ساتھ شیئر کیا۔

انہوں نے کہا کہ تیراہ میں ’جیٹ طیاروں کی گولہ باری‘ میں بزرگ خواتین اور بچے مارے گئے، اقبال خان نے عوام پر زور دیا کہ وہ جائے وقوع پر پہنچ کر اس کے خلاف احتجاج کریں۔

ایم این اے نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ’شہریوں کا قتل معمول بن چکا ہے۔‘

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2025
کارٹون : 7 نومبر 2025