کراچی میں 34 ہزار سے زائد والدین کا بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے سے انکار
وفاقی محکمہ صحت کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بھر میں حالیہ انسداد پولیو مہم میں 35 ہزاروالدین نے بچوں کو ویکسین پلانے سے انکار کردیا، جن میں سب سے زیادہ 34 ہزار سے زائد والدین کا تعلق کراچی سے ہے۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق سندھ کے 25 اضلاع میں یکم سے 7 ستمبر کے دوران انسداد پولیو مہم چلائی گئی تھی، جس میں کراچی میں 21 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔
تاہم اس پولیو مہم کے دوران سندھ بھر میں مجموعی طور پر 35 ہزار والدین نے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کیا، جن میں سب سے زیادہ 34 ہزار سے زائد والدین کا تعلق کراچی سے تھا۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں 8 ہزار سے زائد والدین نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسن پلانے سے انکار کیا جبکہ کیماڑی میں 6 ہزار900 اور ضلع وسطی میں 6 ہزار 200 ریفیوزل کیس رپورٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان دنیا کے ان دو آخری ممالک میں شامل ہے، جہاں پولیو وائرس تاحال مقامی سطح پر موجود ہے، دوسرا ملک افغانستان ہے۔
پاکستان میں رواں سال 27 پولیو کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے، حالیہ پولیو کیس 2 روز قبل سندھ کے ضلع حیدرآباد میں سامنے آیا تھا۔
این ای او سی کے مطابق سال 2025 کے دوران اب تک سندھ میں پولیو کے 7 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو عمر بھر معذوری کا باعث بنتا ہے۔
این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، آئندہ ملک گیر پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر تک منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر میں 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائیں گے۔
این ای او سی کے مطابق پولیو مہم کی کامیابی کے لیے والدین، کمیونٹی، اساتذہ، علما کرام اور میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔
ڈان اخبار میں 22 ستمبر 2025 کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ (آئی ایم بی) نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں۔
آئی ایم بی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 37 سال کی محنت اور 22 ارب ڈالر خرچ کرنے کے باوجود دنیا اس مقام پر آ گئی ہے جہاں پرانے طریقے زیادہ مفید ثابت نہیں ہورہے۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق ملیر سے 4 ہزار 300 سے زائد اور کورنگی سے 3 ہزار سے زائد والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کیا، اسی طرح ضلع جنوبی سے 2900 اور ضلع غربی سے 2700 ریفیوزل کیس سامنے آئے۔












لائیو ٹی وی