کراچی: انٹرمیڈیٹ بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز سرکاری کالجز کے طلبہ کیلئے الیکٹرک بائیکس کا انعام
کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے سرکاری کالجز کے طلبہ کو انعام میں وزیر اعظم اسکیم کے تحت الیکٹرک بائیکس دے دی گئیں، نجی کالجز کے طلبہ کو اعزازی اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔
منفرد تقریب کراچی کے سندھ اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں ہوئی، جس میں تعلیمی ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور والدین نے بھرپور شرکت کی، تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ نے انعامات تقسیم کیے، طلبہ بھی بائیکس اور اسناد ملنے پر بہت خوش نظر آئے۔
آرٹس ریگولر میں ٹاپ کرنے والے نابینا طالب علم ہنس راج کو بھی انعام ملا، چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ نے ذاتی حیثیت میں 25 ہزار روپے کا انعام دیا۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے) نے پوزیشن ہولڈرز کو مکمل فری اسکالرشپ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
تقریب کے میزبان فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ کو یہ بائیکس وزیراعظم پروگرام کے تحت دی گئی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی اسکالر شپ کا اعلان کیا ہے، طلبہ نے بھی اس عمل کو خوش آئند قرار دیا۔
چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق کراچی کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو یہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں وزیر اعظم پروگرام کے تحت دی جائیں گی، اور 2030 تک ہر سال یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہونہار طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی، الیکٹرک بائیکس، رکشہ و لوڈر کے حصول میں حکومتی معاونت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا تھا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اسکیم کے تحت فیڈرل بورڈ سمیت ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں انٹرمیڈیٹ سطح پر اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اسکیم میں خواتین کا 25 فیصد خصوصی کوٹہ رکھا گیا ہے جبکہ آبادی کے تناسب سے باقی صوبوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے بلوچستان کا کوٹہ 10 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اسکیم کی بدولت ملک میں بیٹری بنانے والی 4 نئی کمپنیاں اپنے آپریشن کا آغاز کر رہی ہیں جس سے پاکستان میں نئے کاروباری مواقع اور روزگار ملے گا، وزیر اعظم نے اسکیم کے جلد اجرا کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔












لائیو ٹی وی