• KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 26.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 23.4°C

مجھے مردوں کا چاہت فتح علی خان بھی کہا جاتا ہے، گلوکارہ معصومہ انور

شائع September 24, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

گلوکارہ معصومہ انور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی مردانہ لہجے کی آواز کی وجہ سے کچھ لوگ انہیں مردوں کا چاہت فتح علی خان بھی کہتے ہیں۔

معصومہ انور نے حال ہی میں ’نیو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں ہی لیجنڈ گلوکارہ ریشماں نے ایک ٹی وی شو میں ان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوان گلوکارہ کی آواز ان جیسی ہی ہے۔

ان کے مطابق انہوں نے ریشماں کو کبھی نہیں سنا تھا، اس وقت وہ بہت کم عمر تھیں، ان کی گلوکاری کو دیکھ کر ان کی والدہ نے انہیں ریشماں کا ایک گانا یاد کرنے کا کہا اور جب انہوں نے مذکورہ گانا گایا تو والدہ نے انہیں بتایا کہ ان کی آواز لیجنڈری گلوکارہ سے ملتی ہے۔

معصومہ انور کا کہنا تھا کہ ریشماں جی نے ان کی آواز سن رکھی تھی، اس لیے انہوں نے زندگی کے آخری ایام میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ان کی تعریفیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریشماں کی جانب سے ٹی وی شو میں تعریفیں کرنے پر انہوں نے اسی شو میں فون کرکے لیجنڈری گلوکارہ کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جب وہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں، تب انہیں بھارت سے گلوکاری کی پیش کش ہوئی اور بھارتیوں نے یہ سمجھا تھا کہ معصومہ انور زائد العمر خاتون ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی آواز کی وجہ سے بھارتیوں نے اندازے لگا رکھے تھے کہ گلوکارہ 50 سال کی ہوں گی لیکن اس وقت ان کی عمر 22 سال تھی۔

گلوکارہ کے مطابق وہ والدہ کے ہمراہ بھارت گئیں، جہاں انہوں نے دپیکا پڈوکون اور سیف علی خان کی 2012 کی فلم ’کاک ٹیل‘ کا گانا ’لٹنا‘ ریکارڈ کروایا۔

معصومہ انور کے مطابق وہ والدہ کے ہمراہ بھارت گئی تھیں، انہیں والدہ کے ساتھ دیکھ کر بھارتی سمجھ بیٹھے کہ ان کی والدہ گلوکارہ ہیں لیکن جب والدہ نے بھارتیوں کو بتایا کہ ان کی بیٹی گلوکارہ ہیں تو سب انہیں دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ بھارتیوں نے بلھے شاہ کی شاعری کا کچھ حصہ نکال کر نیا گانا بنایا اور انہیں ریکارڈ کرنے کا کہا، چند ہی گھنٹوں میں گانے کی شاعری لکھی گئی۔

اسی پروگرام میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی آواز مرد حضرات کی طرح بھاری ہے، ان کی آواز کو مردانہ آواز بھی کہا جاتا رہا ہے جب کہ انہیں مردوں کا چاہت فتح علی خان بھی کہا جاتا رہا ہے۔

گلوکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے غلطی سے چاہت فتح علی خان کا نام لیا، دراصل انہیں مردوں کا راحت فتح علی خان کہا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 مارچ 2026
کارٹون : 25 مارچ 2026