• KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C
  • KHI: Partly Cloudy 28.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.2°C
  • ISB: Cloudy 20°C

اٹلی اور اسپین نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی حفاظت کیلئے بحری جہاز تعینات کردیے

شائع September 26, 2025
گلوبل صمود فلوٹیلا تقریباً 50 سول کشتیوں کے ذریعے اسرائیل کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
گلوبل صمود فلوٹیلا تقریباً 50 سول کشتیوں کے ذریعے اسرائیل کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

اٹلی اور اسپین نے اسرائیلی محاصرہ توڑ کر غزہ امداد پہنچانے کے لیے سرگرم ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر ڈرون حملوں کے بعد اس کی حفاظت کے لیے بحری جہاز تعینات کر دیے، اس اقدام سے اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا تقریباً 50 سول کشتیوں کے ذریعے اسرائیل کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا ہے، ان کشتیوں پر وکلا، ارکان پارلیمنٹ اور کارکنان موجود ہیں جن میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں۔

اٹلی کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ فلوٹیلا کو نشانہ بنائے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی بدھ کو ایک فریگیٹ روانہ کی گئی تھی، ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے جہاز کو بعد میں کسی اور جہاز سے بدل دیا جائے گا۔

وزیرِ دفاع گوئیڈو کروسیٹو نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا کو بتایا کہ ’یہ جنگی اقدام نہیں ہے، یہ کوئی اشتعال انگیزی نہیں ہے، یہ انسانیت کا عمل ہے، جو ایک ریاست کی اپنے شہریوں کے لیے ذمہ داری ہے‘۔

اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے مطابق بیلجیئم، فرانس اور دیگر یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کی مدد کے لیے اٹلی سے تعاون کی درخواست کی تھی۔

اٹلی نے ایک مصالحتی تجویز دی تھی کہ امدادی سامان قبرص میں اتار دیا جائے اور پھر مقبوضہ بیت المقدس کے کیتھولک چرچ کے لاطینی پیٹریارکیٹ کے حوالے کر دیا جائے تاکہ وہ اسے غزہ میں تقسیم کر سکیں۔

تاہم اٹلی کے وفد نے جمعرات کو فلوٹیلا کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔

اٹلی کے گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمارا مشن اپنے اصل مقصد پر قائم ہے، یعنی (اسرائیل کی) غیرقانونی ناکہ بندی کو توڑنا اور غزہ کے محصور عوام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنا‘۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025