ایشیا کپ سپر 4: بھارت کی دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں سری لنکا کو شکست

شائع September 27, 2025
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو
— فوٹو: کرک انفو

ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان آخری مقابلہ انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ ثابت ہوا، بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں ٹائی ہونے والے میچ کو سپر اوور میں اپنے نام کر لیا ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں بھارت نے سپر اوور میں 3 رنز کا ہدف پہلی ہی گیند پر حاصل کر لیا۔

سری لنکن بیٹرز نے سپر اوور کی 5 گیندوں میں 2 رنز پر ہی 2 وکٹیں گنوا دی تھیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے بھارت کے 203 رنز ہدف کے تعاقب میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، دلچسپ مقابلہ آخری گیند تک کھیلا گیا جس میں لنکن بیٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔

آخری گیند پر درکار 3 رنز کے جواب میں لنکن بیٹرز نے 2 رنز بناکر میچ برابر کر دیا تھا۔

سری لنکا کے اوپنر بیٹر پاتھم نیسانکا نے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 52 گیندوں پر 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، اوپنر بیٹر نے شاندار اننگز کےدوران 7 چوکے اور 6 چھکے بھی لگائے، کوسال پریرا نے بھی پاتھم نیسانکا کا بھرپور ساتھ اور 32 گیندوں پر 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

داسن شناکا 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت کی جانب سے 5 باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوررز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے، اوپنر بلے باز ابھیشک شرما نے ایک اور برق رفتار ففٹی اسکور کی، انہوں نے صرف 31 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔

مڈل آرڈر بیٹرز تلک ورما اور سنجو سیمسن نے شاندار 66 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، سنجو سیمسن 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما 49 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

کپتان سوریا کمار یادو ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ 13 گیندوں پر صرف 12 رنز ہی بنا سکے، ٹاپ آرڈر بیٹر شمبن گل 4 اور آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اکثر پٹیل 21 رنز بناکر وکٹ پر موجود رہے۔

سری لنکا کے 5 باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں پہلے ہی ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ 28 ستمبر کو دبئی کے میدان میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025