کراچی: ڈی ایچ اے میں عمارت میں آگ لگ گئی، دم گھٹنے سے 2 خواتین جاں بحق
کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے فیز 2 میں عمارت میں آگ لگ گئی، آگ سے جھلسنے اور دم گھٹنے سے 2 خواتین جاں بحق ہوگئی ہیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 حسان الحسیب خان نے بتایا کہ آگ ڈی ایچ اے کے فیز 2 میں 3 منزلہ عمارت کی نچلی منزل پر قائم کار شو روم میں بھڑکی، گاڑیوں اور آتش گیر مواد کی موجودگی کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی اور گہرے دھوئیں نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیڑھی کی مدد سے فائرفائٹرز نے کھڑکیاں توڑ کر خواتین سمیت 8 رہائشیوں کو بحفاظت باہر نکالا، اسی دوران آگ سے جھلسنے والے شو روم کے 3 ملازمین کو بھی ریسکیو کر کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر اور سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جب کہ مزید 8 افراد کو نکال کر موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں بتایا کہ جھلسنے والی دونوں خواتین جناح ہسپتال میں دورانِ علاج جاں بحق ہو گئی ہیں، ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والی ایک خاتون بیرونِ ملک رہائش پذیر اور اپنے رشتہ داروں سے ملنے یہاں آئی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 6 فائر ٹینڈر کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم کولنگ کا عمل رات گئے تک جاری رہا، حسان الحسیب خان کے مطابق آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ سید اسد رضا نے 2 خواتین کے جاں بحق اور 9 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔
جاں بحق خواتین کی شناخت صبیحہ اخلاق اور ان کی بہو سمیعہ افضل کے نام سے ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا فوری انکوائری کا حکم
ادھر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آتشزدگی واقعہ پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلی نے کہا کہ جاں بحق خواتین کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کردی۔













لائیو ٹی وی