امریکی گلوکارہ سلینا گومز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں
امریکی گلوکارہ، اداکارہ، پروڈیوسر اور کاروباری خاتون سلینا گومز نے اپنے بوائے فرینڈ اور میوزک پروڈیوسر بینی بلانکو سے شادی کرلی۔
33 سالہ سلینا گومز اور 37 سالہ بلانکو کی شادی کی تقریب جنوبی کیلیفورنیا کے علاقے سانتا باربرا کاؤنٹی کے ہوپ رینچ میں منعقد ہوئی، جو لاس اینجلس کے شمال مغرب میں تقریباً 90 میل (145 کلومیٹر) کے فاصلے پر واقع ہے۔
سلینا گومز نے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں سفید دلکش لباس میں اور بلانکو کو سیاہ ٹکسڈو میں دیکھا جاسکتا ہے، دونوں کو تصاویر اور ویڈیوز میں رومانوی انداز میں ایک دوسرے کے قریب دیکھا گیا۔
پوسٹ کے کیپشن میں سلینا گومز نے 9.27.25 کی تاریخ درج کی، جس کے تبصرے میں بینی بلانکو نے لکھا کہ ان کی حقیقی زندگی کی بیوی۔
شادی میں تقریباً 170 مہمان شریک ہوئے جن میں امریکی پاپ اسٹار اور سلینا گومز کی دیرینہ بہترین دوست ٹیلر سوئفٹ، برطانوی گلوکار و نغمہ نگار ایڈ شیئرن، پیرس ہلٹن اور سیلینا کے ڈرامے اونلی مرڈرز کے شریک اداکار اسٹیو مارٹن اور مارٹن شارٹ شامل تھے۔
ووگ میگزین کے مطابق جوڑے نے شادی کے موقع پر رالف لارین کے تیار کردہ ملبوسات پہنے۔
سلینا گومز اور بینی بلانکو نے اپنے تعلق کا اعلان دسمبر 2023 میں کیا تھا اور ایک سال بعد منگنی کی تھی۔
بینی بلانکو نے سلینا گومز کے کئی مقبول گانوں کی پروڈکشن میں حصہ لیا ہے جن میں 2015 کے گانے سیم اولڈ لو اور کل ایم وِد کائنڈنیس شامل ہیں، دونوں نے مارچ میں مشترکہ البم آئی سیڈ آئی لو یو فرسٹ بھی ریلیز کیا تھا۔












لائیو ٹی وی