پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ فائنل کی میچ فیس بھارتی حملے کے شہدا کے نام کرنے کا اعلان

شائع September 29, 2025
— فوٹو: پاکستان کرکٹ، ایکس
— فوٹو: پاکستان کرکٹ، ایکس

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ فائنل کی میچ فیس 7 مئی کی شب بھارتی حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے نام کرنے کا اعلان کردیا۔

قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ پاکستان ٹیم فائنل کی میچ فیس بھارتی حملوں سے متاثرہ اپنے معصوم شہریوں اور بچوں کے نام کرتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ’ایکس‘ پر اس حوالے سے پوسٹ میں کہا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے ایشیا کپ کے فائنل میچ کی فیس 7 مئی کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم متاثرین کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں عام شہریوں سمیت بچے بھی جاں بحق ہوئے تھے، ہماری دلی دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں‘۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، قومی ٹیم عمدہ اوپننگ شراکت کے باوجود صرف 146 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، جبکہ بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی گیند پر ہدف حاصل کرلیا تھا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے اپنی حکومت کے ایما پر پورے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے دوران جینٹمل مینز کے کھیل کو سیاست زدہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

بھارتی کپتان نے ایونٹ کے پہلے پاک بھارت میں میچ میں کپتان سلمان علی آغا اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا، میچ کے خاتمے پر کوچ اور کپتان بھارتی ڈریسنگ روم کی طرف گئے تو کمرے کا دروازہ بند کردیا گیا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم سیاست سے باز نہیں آئی اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا جس کے باعث ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، بعدازاں بھارتی ٹیم ٹرافی لیے بغیر ہی اسٹیڈیم سے روانہ ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025