کراچی: مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
کراچی میں 3 روز کی شدید گرمی اور حبس کے بعد مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے بعد ڈیفنس، گلستان جوہر ،کورنگی،اورنگی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔
کراچی کے علاقوں حسن اسکوائر، گارڈن، گولیمار، کارساز ، شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہین کمپلیکس جیل چورنگی، شاہراہ قائدین، کشمیر روڈ، گلشن اقبال، اولڈ سٹی ایریا، کھارادر، شیر شاہ اور بلدیہ ٹاؤن کے اطراف بھی بارش ہوئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ٹریفک جام کی صورتحال ہے، صدر، شارع فیصل، لیاقت آباد، یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جبکہ عائشہ منزل، واٹر پمپ اور ناگن چورنگی پر بھی گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، ڈیفنس، گلستان جوہر ،کورنگی،اورنگی اور سرجانی میں بجلی بند ہے، جبکہ نیو کراچی،نارتھ کراچی،بلدیہ اور ملیر کے علاقے بھی اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔
کراچی کے علاوہ سندھ کے مختلف اضلاع میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
سانگھڑ اور اطراف میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا جب کہ سیہون اور اطراف میں بھی تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پوسٹ مون سون سسٹم کے تحت کراچی میں آج اور کل ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق ویل مارک ایریا خلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ گجرات (انڈیا) کے قریب ہے، کم دباؤ کا شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔
سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، سسٹم کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین ، میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس دوران، سمندری ہوائیں 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے جب کہسمندر میں تیز جھکڑ چلنے کے سبب ماہی گیروں کو 2 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔













لائیو ٹی وی