ہانیہ عامر کی بنگلہ دیشی یوٹیوبر کے گھر مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیو وائرل
معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی بنگلہ دیشی یوٹیوبر کے گھر مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ہانیہ عامر اس وقت بنگلہ دیش میں موجود ہیں جہاں وہ سنسلک کی برانڈ ایمبسیڈر کے طور پر مختلف ایونٹس میں حصہ لے رہی ہیں، اس دوران ہانیہ عامر کی بنگلہ دیش میں سیرو تفریح کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہیں۔
حال ہی میں ہانیہ عامر بنگلہ دیشی یوٹیوبر افتخار رفسن کے گھر گئیں، جہاں انہوں نے ان کی فیملی سے ملاقات کی اور بنگلہ دیش کے مقامی کھانوں کا مزہ لیا۔
یوٹیوب پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کو ناظرین نے خوب پسند کیا اور اسے اب تک 10 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
ویڈیو میں اداکارہ کو افتخار رفسن کی والدہ کے ساتھ گفتگو کرتے اور وہاں کے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یوٹیوب ویڈیو میں ہانیہ عامر نے کچی ہری مرچ بھی چکھی اور کہا کہ یہ اتنی تیز نہیں ہے، تاہم بعد میں نادم ہو کر کہا کہ مزے مزے میں وہ غلط چیزیں کر جاتی ہیں، اس کے بعد انہوں نے مقامی گلاب جامن بھی کھایا اور کہا کہ پاکستان میں انہیں کبھی ایسا نہیں ملا اور پوچھا کہ کیا وہ کچھ لے جا سکتی ہیں۔
بنگلہ دیشی یوٹیوبر افتخار رفسن نے بتایا کہ لوگ ان سے پوچھ رہے تھے کہ ہانیہ عامر کیسی ہیں۔
انہوں نے ہانیہ کی شخصیت کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش مزاج اور چنچل مزاج کی مالک ہیں اور لوگوں سے جلدی گھلنے ملنے والی ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے ناظرین ویڈیو کو بہت سراہ رہے ہیں اور کمنٹس میں ہانیہ عامر اور افتخار رفسن کی عاجزی کے ساتھ ساتھ ہانیہ عامر کے لیے یوٹیوبر کی والدہ کی خلوص بھری کوشش کی بھی تعریف کی جارہی ہے۔












لائیو ٹی وی