اسلام آباد: بھتیجے کا گلا کاٹنے والے ملزم نے بھائی اور دوسرے بھتیجے کو بھی قتل کردیا
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیرودھائی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بھتیجے کے قتل میں ملوث ملزم نے اپنے سگے بھائی اور دوسرے بھتیجے کو بھی گولیاں مار کر قتل کردیا، واقعے میں 2 پولیس اہلکار شدید زخمی بھی ہوگئے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ شخص پولیس کو اپنے بیٹے علی احتشام کے مبینہ قاتل کی گرفتاری کے لیے لے جا رہا تھا، علی احتشام کو پیر کے روز مبینہ طور پر اس کے چچا نے مالی تنازع پر قتل کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق جب پولیس پارٹی چوہدری سرور اور ان کے بیٹے علی واحد کے ہمراہ ملزم کی نشاندہی کے لیے پہنچی تو ملزم اور اس کے ساتھی نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں انسپکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ شدید زخمی ہوگئے، جبکہ سرور اور ان کا بیٹا علی واحد بھی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی، جو فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی پارٹی نشاندہی اور جائے وقوع کے معائنے کے لیے پولیس کے ہمراہ گئی تھی، چھت پر چھپے ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
یاد رہے کہ 23 سالہ علی احتشام کو پیر کی شب مبینہ طور پر اس کے سگے چچا شیر افضل نے مالی تنازع پر پہلے ہتھوڑے کے وار سے زمین پر گرایا اور پھر کلہاڑی سے گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد سٹی پولیس افسر (سی پی او) سید خالد حمدانی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کے لیے ہولی فیملی ہسپتال پہنچے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
سی پی او سید خالد حمدانی کا کہنا تھا کہ پولیس اور شہریوں پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، پولیس کی جرائم کے خلاف قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔












لائیو ٹی وی